امریکا نے ایران پر حملوں کیلئے ‏بی 2 بمبار طیارے روانہ کردیئے، 5 ہزار فوجی بھی بھیجنے کا اعلان

امریکا نے ایران پر مزید حملے کرنےکیلئے بی 2 بمبار طیارے روانہ کردئیے جبکہ مشرق وسطیٰ میں مزید 5 ہزار فوجی بھیجنے کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ بی ٹو بمبار طیارے روانہ کرنے کا مقصد طویل فاصلے سے حملہ کرکے نہ صرف ایرانی حکومت سے لاحق خطرے کو ختم کرنا ہے بلکہ مستقبل میں اس کی دوبارہ طاقت بحال کرنے کی صلاحیت کو بھی ختم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے 10 اہم ایرانی رہنماؤں کی معلومات دینے پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کردیا

اس سے قبل امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے دعویٰ کیاکہ ایرانی رجیم کے رہنما زیر زمین جا چکے ہیں کیونکہ آج سب سے سخت حملے ہوں گے، ہم نہیں رکیں گے، آبنائے ہرمز میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر دنیا کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

امریکی وزیر دفاع نے بتایا کہ ایران پر روزانہ اوسطاً ایک ہزار سے زیادہ حملے کیے جا رہے ہیں، یہ حملے امریکی فضائیہ اور اسرائیلی فضائیہ نے مشترکہ طور پر انجام دیے، حملوں کے بعد ایران کی فوجی طاقت نمایاں طور پر کمزور ہو چکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کا مقصد ایران کی تمام اہم فوجی صلاحیتوں کو مکمل طور پر تباہ یا غیر فعال کرنا ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ جلد ہی ایران کی دفاعی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

دوسری طرف امریکا نے مشرق وسطیٰ میں مزید جنگی جہاز اور 5 ہزار فوجیوں کو تعینات کرنے کا اعلان کردیاہے۔

امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے ہزاروں امریکی میرینز کو مشرقِ وسطیٰ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، رپورٹ کے مطابق یہ اقدام امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کی درخواست پر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ درخواست ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایران آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے اور بارودی سرنگیں بچھانے کے اقدامات کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کو ایٹمی طاقت بننے سے روکنا امریکی ترجیحات میں شامل ہے،ڈونلڈ ٹرمپ

اخبار کے مطابق 5 ہزار میرینز اور نیوی اہلکاروں کے ساتھ کئی جنگی بحری جہاز تعینات کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے کئی ممالک کیلئے تیل کی ترسیل کا اہم راستہ ہے اور اس میں رکاوٹ کے باعث عالمی سطح پر تیل اور گیس کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top