گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں فی کلو 20 روپے اضافہ ریکارڈ

لاہور(کشمیر ڈیجیٹل) ملک بھرمیں مہنگائی کی لہر جاری ، روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ بھی ہورہا ہے۔

حالیہ دنوں میں جاری مہنگائی کے باعث گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

لاہور کی اوپن مارکیٹ میں درجہ دوم گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 20 روپے فی کلوگرام اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تاجروں کے مطابق حالیہ اضافے کے بعد درجہ دوم گھی اور آئل کی قیمت بڑھ کر 545 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔ قیمتوں میں اچانک اضافے نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:چین کا امریکی حملوں میں شہید ایرانی طلباء کے ورثاءکیلئے امدادی پیکیج کا اعلان

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ خام مال کی قیمتوں میں اضافہ اور ترسیل کے اخراجات بڑھنے کے باعث گھی اور آئل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی اشیائے خور و نوش مہنگی ہو چکی ہیں، اب گھی اور آئل کی قیمت میں اضافہ ان کیلئے مزید پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فروری 2026 میں گاڑیوں کی فروخت میں 41.7 فیصد اضافہ ریکارڈ

گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ باورچی خانے کے اخراجات پہلے ہی بہت زیادہ ہو چکے ہیں اور گھی و آئل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عام آدمی کی قوت خرید کو متاثر کر رہا ہے۔

صارفین کی جانب سے پنجاب حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے ۔

مارکیٹ میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

Scroll to Top