مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما نہال ہاشمی کو نیا گورنر سندھ تعینات کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے باقاعدہ طور پر سمری صدرِ پاکستان کو ارسال کر دی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور انہیں گورنر سندھ کے اہم عہدے پر تعیناتی کی پیشگی مبارکباد بھی دی۔ اس اہم ملاقات کے موقع پر رانا ثناء اللہ اور اسحاق ڈار سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ اس وقت گورنر سندھ کے منصب پر ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے کامران خان ٹیسوری فائز ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عید گفٹ:موٹر سائیکل سواروں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی!
نہال ہاشمی کا سیاسی سفر کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے نہال ہاشمی 1997 سے 1999 تک میاں نواز شریف کے مشیر برائے قانون و انصاف رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2012 میں کراچی میں مسلم لیگ (ن) کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور 2014 میں انہیں سندھ چیپٹر کا جنرل سیکرٹری بنایا گیا۔ 2015 میں وہ پنجاب سے سینیٹر منتخب ہوئے۔ اگرچہ 2017 میں پاناما کیس سے متعلق ایک متنازع بیان پر انہیں پارٹی سے نکالا گیا تھا، تاہم 2021 میں ان کی رکنیت دوبارہ بحال کر دی گئی تھی۔




