شوال کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے عید الفطر کی تاریخ پیشگوئی کر دی

اسلام آباد سے سپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن یعنی سپارکو نے عید الفطر کے چاند کے حوالے سے ایک اہم پیشگوئی کر دی ہے۔ سپارکو کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ شوال کے چاند کی پیدائش 19 مارچ کو صبح 6 بج کر 23 منٹ پر ہو گی۔ 19 مارچ کو جب سورج غروب ہو گا تو اس وقت چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے 41 منٹ ہو گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ 19 مارچ کی شام پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے رواں برس 30 روزے ہونے کا قوی امکان ہے جبکہ عید الفطر 21 مارچ کو ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالفطر پر کتنی سرکاری چھٹیاں ہوں گی؟اہم تفصیلات سامنے آگئیں

سپارکو نے یہ بات واضح کی ہے کہ شوال کے چاند کی حتمی رویت کا اعلان صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی۔ دوسری جانب ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 19 مارچ کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔

اس اہم اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے ضلعی دفاتر میں منعقد ہوں گے لیکن شوال کے چاند کے حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی طرف سے ہی کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: رمضان المبارک 18 فروری ،عیدالفطرکا چاند 21 مارچ کو نظرآنے کا امکان

یاد رہے کہ اس سے پہلے محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی ایسی ہی پیشگوئی سامنے آئی تھی کہ 19 مارچ کو پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس وقت چاند کی عمر 12 سے 13 گھنٹے کے درمیان ہو گی جو چاند نظر آنے کے لیے کافی نہیں ہے۔ اتنی کم عمر کے چاند کو انسانی آنکھ یا دوربین کی مدد سے دیکھنا بھی ممکن نہیں ہے۔

Scroll to Top