مظفر آباد: آزاد کشمیر کے خوبصورت سیاحتی مقام وادی نیلم سمیت دیگر بالائی علاقوں میں بارش اور ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث پورے خطے میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پہاڑی علاقوں میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے درجہ حرارت کو مزید گرا دیا ہے، جس سے موسم خوشگوار مگر کافی سرد ہو گیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق وادی نیلم کے بالائی مقامات بشمول کیل، شاردہ ،جانوئی گریس ویلی اور تاوبٹ میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کے باعث آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان تھا، جس کے اثرات اب نمایاں ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے برفباری دیکھنے کے شوقین سیاحوں نے کشمیر کا رخ کر لیا ہےاور بڑی تعداد میں خوبسورت موسم کو انجوائے کرنے وہاں پہنچ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے نے بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا
نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بھی ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق 9 سے 12 مارچ کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور میانوالی میں 9 سے 12 مارچ کے دوران آندھی اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، علاوہ ازیں، اسلام آباد اور پوٹھوہار کے بالائی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے جو سرد موسم میں اضافہ کر سکتا ہے۔
پاکستان کے دیگر حصوں کی بات کریں تو اگلے 24 گھنٹوں میں چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد، مری اور گلیات میں بھی 10 اور 11 مارچ کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول ہری پور، کرک، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم، مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، بنوں، بونیر، پشاور اور صوابی میں بھی 11 مارچ تک آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے جو زرعی اور روزمرہ سرگرمیوں پر اثر ڈال سکتا ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم راولپنڈی اور اٹک میں رات کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم گرم رہے گا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کے اضلاع میں بادلوں کا راج، آج رات سے بارش کا قوی امکان
انتظامیہ نے خراب موسم کے پیشِ نظر مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی سڑکوں پر احتیاط سے سفر کریں کیونکہ برفباری کے باعث پھسلن پیدا ہو سکتی ہے۔




