راولپنڈی: نیشنل سیونگز سینٹر راولپنڈی نے سال 2026ء کے 40 ہزار روپے کے پریمیم پرائز بانڈ کی پہلی قرعہ اندازی، ڈرا نمبر 36 کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اس بار پہلا بڑا انعام بانڈ نمبر 367558 کے نام رہا جس کی مالیت 8 کروڑ روپے ہے۔
قرعہ اندازی کے نتائج کے مطابق دوسرا انعام 3 کروڑ روپے فی کس ہے جو تین خوش نصیبوں کے نام نکلا۔ ان کے بانڈ نمبرز 676830، 855627 اور 463623 ہیں۔ اس کے علاوہ 5 لاکھ روپے کے تیسرے انعام کے لیے 660 خوش نصیبوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

نیشنل سیونگز کے مطابق پرائز بانڈ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے جاتے ہیں اور ملک میں ایک مقبول سرمایہ کاری کے طور پر دیکھے جاتے ہیں۔ یہ پرائز بانڈ مختلف مالیتوں میں دستیاب ہیں جن میں 1500 روپے، 750 روپے، 200 روپے اور 100 روپے کے بانڈ شامل ہیں جبکہ 40 ہزار اور 25 ہزار روپے کے پریمیم پرائز بانڈ بھی دستیاب ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 25 ہزار روپے کے پرائز بانڈ کا پہلا ڈرا کب ہو گا؟ تاریخ سامنے آ گئی
پرائز بانڈ رکھنے والوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے نقد انعامات جیتنے کا موقع ملتا ہے۔ یہ بانڈ اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر، نامزد کمرشل بینکوں اور نیشنل سیونگز سینٹرز سے خریدے اور کیش کروائے جا سکتے ہیں، جس کے لیے درخواست اور درست شناختی کارڈ کی کاپی جمع کروانا ضروری ہوتی ہے۔
پریمیم پرائز بانڈ رکھنے والوں کو ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی میں بڑے انعامات جیتنے کا موقع ملتا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ہر چھ ماہ بعد مقررہ شرح کے مطابق منافع بھی دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اسے ایک محفوظ اور منافع بخش سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔



