عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ 2026 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی فتح کے ساتھ ہی ٹیم پر ڈالرز کی بارش ہوگئی ہے اور اس کامیابی کے دوران کئی نئے ریکارڈز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے اس بار عالمی کپ کے لیے مجموعی طور پر 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم مختص کی گئی تھی، جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی پرائز منی قرار دی جا رہی ہے۔
فاتح اور رنرز اپ کے لیے انعامات:
ایونٹ کی فاتح ٹیم، بھارت کو چمکتی ہوئی ٹرافی کے ساتھ ساتھ 30 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم بطور انعام دی گئی ہے۔ دوسری جانب فائنل میں بہترین کھیل پیش کرنے کے باوجود شکست کھانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھی 16 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ،سنجو سیمسن نے شاہد آفریدی کا 17 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا
سیمی فائنلسٹ اور دیگر ٹیموں کا حصہ:
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کو بھی خالی ہاتھ نہیں لوٹنا پڑا۔ دونوں ٹیموں کو سیمی فائنل میں شکست کے باوجود فی ٹیم 9 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پانچویں سے بارہویں پوزیشن تک آنے والی ٹیموں کو بھی فی ٹیم ساڑھے چار لاکھ ڈالر دیے گئے ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شامل ہر شریک ٹیم کو صرف شرکت کی مد میں بھی تین، تین لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے ہیں، جس سے تمام ٹیموں کو مالی طور پر بڑا فائدہ پہنچا ہے۔
مزید پڑھیں: ضلع باغ: اسکول کے بچوں کی گاڑی کو حادثہ، متعدد زخمی
بھارت کی تاریخی کامیابی:
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے اس فتح کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل تیسری بار اپنے نام کر لیا ہے۔ بھارت نے پہلی مرتبہ 2007 میں جنوبی افریقا میں ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو ہرا کر ٹرافی جیتی تھی۔ اس کے بعد بھارت نے دوسری بار 2024 میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقا کو شکست دے کر عالمی اعزاز حاصل کیا تھا اور اب 2026 میں تیسری بار یہ سنگِ میل عبور کیا ہے۔




