مظفرآباد کے تاجر مسائل حل کیلئے متحد،ڈسٹریبیوشن ایسوسی ایشن قائم کردی

مظفرآباد: شہر کے ڈسٹریبیوشن کے شعبہ سے وابستہ تاجروں اور کاروباری شخصیات کا ایک اہم اجلاس لالہ لطیف ہوٹل مظفرآباد میں منعقد ہوا جس میں شہر بھر سے تعلق رکھنے والے ڈسٹریبیوٹرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں ڈسٹریبیوشن کے شعبہ کو درپیش مسائل، مارکیٹ کی موجودہ صورتحال اور سرکاری اداروں کے ساتھ پیش آنے والی مشکلات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور: اسسٹنٹ کمشنر کی خود ساختہ مہنگائی کیخلاف بڑی کارروائی ، کئی تاجر گرفتار، نقد جرمانےعائد

شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مظفرآباد میں ڈسٹریبیوشن کے کاروبار کو منظم کرنے اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔

اسی مقصد کے تحت باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے “آل مظفرآباد ڈسٹریبیوشن ایسوسی ایشن” کے قیام کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔

اجلاس میں ایسوسی ایشن کے امور کو منظم انداز میں چلانے کے لیے ایک عبوری باڈی بھی تشکیل دی گئی جو آئندہ انتخابات تک ذمہ داریاں سرانجام دے گی۔

تشکیل دی گئی باڈی کے مطابق ملک جمیل احمد کو سرپرست اعلیٰ، ہارون عباسی کو صدر، چوہدری صدیق کو سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا۔ محمد اسد اور محمد اخلاق نائب صدر، خانزادہ عثمان خان ترین جنرل سیکرٹری، خواجہ عارف احمد جوائنٹ سیکرٹری، اعظم خان سیکرٹری اطلاعات جبکہ تنویر میر کو سیکرٹری مالیات کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

اجلاس میں ملک جمیل احمد، خانزادہ عثمان ترین، محمد ہارون عباسی، آزاد شفیق، محمد اسد، راجہ محمد زبیر، خواجہ عارف احمد، عبید طارق، چوہدری صدیق، واجد خان، اعظم خان، محمد اخلاق، تجمل عباسی، آفتاب شیخ، مدثر صفدر اور تنویر میر سمیت دیگر کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری عوام پاکستان کے پرچم میں دفن ہونا باعثِ فخر سمجھتے ہیں، صدرانجمن تاجران ایکشن کمیٹی پر برس پڑے

اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آل مظفرآباد ڈسٹریبیوشن ایسوسی ایشن ڈسٹریبیوٹرز کے حقوق کے تحفظ، کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور مارکیٹ میں نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ موثر رابطہ کاری کے ذریعے ڈسٹریبیوشن کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

Scroll to Top