ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل کل بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین احمد آباد کے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ سنسنی خیز مقابلہ شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا، شائقین کرکٹ کی نظریں اس بڑے معرکے پر جمی ہوئی ہیں ۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم بھارتی ہجوم کے دباؤ سے گھبرانے کے بجائے اسے چیلنج کے طور پر لے رہی ہے اور وہ میزبان ٹیم کے شائقین کو خاموش کرانے کیلئے پُرعزم ہیں ۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم ہوم گراؤنڈ اور شائقین کی بھرپور حمایت کے ساتھ میدان میں اُترے گی ۔
رواں ٹورنامنٹ میں بھارت کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور اسے صرف جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ کو گروپ مرحلے میں جنوبی افریقہ جبکہ سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی تاہم کیوی ٹیم نے اہم مواقع پر بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں میں رن ریٹ پر باہر ہوئی ہے ہار کر نہیں، محمد رضوان
سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 13 اوورز میں 170 رنز کا ہدف حاصل کیا اور فائنل میں جگہ بنائی۔ ادھر بھارت نے ناک آؤٹ مرحلے میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 253 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا اور انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی ۔
یہ فائنل کئی حوالوں سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے ۔ اگر سوریا کمار یادیو کی قیادت میں بھارتی ٹیم کامیاب ہو جاتی ہے تو بھارت مسلسل دو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گا۔ دوسری جانب اگر نیوزی لینڈ فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہا تو کیوی ٹیم پہلی مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کرے گی ۔
شائقین کرکٹ کو اُمید ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جو ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام ثابت ہوگا ۔




