آزاد کشمیر میں بارش،برفباری،سردی بڑھ گئی،بجلی بھی بند،عوام دوہرے عذاب میں مبتلا

مظفر آباد ، جہلم ویلی ، ہٹیاں بالا،نیلم (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ، وادی نیلم،لیپہ،شاردا،دودھنیال تہجیان چانگن دواریاں اور لوات کٹن جاگراں لیسوا میں دن بھر بارش کے بعد برف باری شروع ہوگئی۔

جبکہ متعد د علاقوں میں تیز بارش ہوئی،برفباری کے باعث سردی کی شدت میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام کو دوہرے عذاب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،گزشتہ روز شروع ہونیوالی بارش اور برفباری کے بعد مختلف علاقوں میں سڑکوں کی بندش بھی ہوئی ہے ،ادھر وادی نیلم میں شدید برفباری کے باعث تودہ گرنے سے چار نوجوان لاپتہ ہوئے تاہم ایک معجزانہ طور پر بچ گیا جبکہ دیگر تین کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں۔۔آزاد کشمیر میں برف باری اور بارش : بالائی نیلم ویلی میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع

پاکستان سمیت ملک بھر میں بارش کا تگڑا سپیل ہوا جس سے سردی کی شدت بھی بڑھ گئی ہے ۔
بارش اور برفباری کے باعث عوام کی  مشکلات بڑھ گئیں ہیں، سردی کی شدت میں اضا فے کے ساتھ عوام کو اشیاء ضروریہ کے لئے گھروں سے باہر نکلنا بھی دشوار ہوگیا ہے جبکہ لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔

کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہناتھا کہ بارش اور برفباری میں سردی کے ساتھ ہمیں لوڈشیڈنگ کا عذاب بھی جھیلنا پڑتا ہے ،بارش برفباری میں کاروبار ٹھپ ہوجاتے ہیں گھر کا چولہا جلانا بھی مشکل ہوجاتا ہے حکومت کو چاہیے کہ شہریوں کو بارش اور برفباری میں بجلی کی بلا تعطیل فراہمی کیلئے اقدامات کرے ، بجلی نہ ہونے کے باعث سخت سردی میں شدید مشکلات کا شکار ہیں،شہریوں نے حکام سے نوٹس لیکر مسئلہ حل کرنے کی اپیل کی ہے ۔

Scroll to Top