دہشت گردی کی نئی لہر: بلاول بھٹو کا تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آنے کا مطالبہ

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کی نئی لہر کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے اور داخلی و خارجی محاذوں پر حکومت کے مؤقف کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لاڑکانہ میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی سنگین مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز افغانستان کی عبوری حکومت کی جانب سے پاکستان پر حملہ کیا گیا جس کا پاکستان کی بہادر افواج نے بھرپور اور کامیاب جواب دیا ہے۔ بلاول بھٹو کے مطابق خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر دیکھی جا رہی ہے اور ایسے نازک حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات بھلا کر ایک پیج پر آنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام جماعتوں کو متحد ہو کر حکومت کے مؤقف کی تائید کرنی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور ڈویژن: حساس مقامات کی سیکیورٹی میں اضافہ، بغیر رجسٹریشن کرایہ دار رکھنے پر مالکان کے خلاف کارروائی ہوگی

دوسری جانب سندھ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کا بلدیاتی نظام دیگر تمام صوبوں کی نسبت زیادہ خود مختار حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے لاڑکانہ کے میئر انور لوہر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام کی خدمت کا حق ادا کیا ہے اور وہ کراچی سے لاڑکانہ تک پارٹی کے تمام نمائندوں کی خدمت کے معترف ہیں۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ حکومت سندھ اور بلدیاتی اداروں کے خلاف چلائی جانے والی کردار کشی کی مہم مخصوص مفادات کے تحت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس منفی مہم کا اصل مقصد کراچی کو سندھ سے الگ کرنا ہے تاہم پیپلز پارٹی قومی، صوبائی اور بلدیاتی سطح پر اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان افغانستان کےساتھ بہت اچھا کررہاہے ،مداخلت نہیں کرونگا، ڈونلڈ ٹرمپ

Scroll to Top