بیرسٹر گروپ کو راضی کرنے کی کوشش، وزراء کو مزید محکمے الاٹ

اسلام آباد: وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بیرسٹر گروپ کو راضی کرنے کیلئے وزراء کو مزید محکمے الاٹ کردیئے ہیں جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

منگل کو رات گئے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (شعبہ کابینہ )کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے قواعد کار ( نظر ثانی شدہ ) 1985 ء کے قاعدہ 3 ذیلی قاعدہ (4) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے انتظامی امور کے پیش نظر وزراء کو محکمے الاٹ کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل راٹھور کی نیلم اورحویلی میں بجلی منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت

موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحیدکومحکمہ قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق کے علاوہ انفارمیشن ٹیکنا لوجی کا قلمدان بھی تفویض کردیا گیا۔

سابق صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود کےفرزند چوہدری یاسرسلطان کو وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ و MDHA کومیرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی( MDA )کا چارج بھی تفویض کیا گیا ہے۔

وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشیدکو محکمہ منصو بہ بندی و ترقیات (P&DD) کا قلمدان بھی تفویض کردیا گیا ۔

وزیر کشمیر کاز ، آرٹس اینڈ لینگویجز محترمہ نبیلہ ایوب کومحکمہ ماحولیات، وزیر مواصلات وتعمیرات عامہ سردار ضیاء القمر کوباغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا چارج تفویض کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم فیصل راٹھور سے وزیرحکومت یاسر سلطان نے ملاقات کی تھی جسے اہم قرار دیا جا رہا ہے، بیرسٹر گروپ کچھ عرصہ سے حکومت ناراض تھا۔

جن وزراء کو اضافی محکمے الاٹ کئے گئے ہیں ان میں یاسر سلطان اور چوہدری رشید کا تعلق بیرسٹر گروپ سے ہے، دونوں وزراء کو محکمے الاٹ ہونے یقیناً ان کے تحفظات کسی حد تک دور ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کے شہریوں کے شناختی کارڈ پر مخصوص عبارت کا اندراج لازمی قرار

چوہدری یاسرسلطان ڈپٹی کمشنر میرپور کے تبادلے پر بھی ناراض تھے ، اب انہیں میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی وزارت دی گئی ہےاور چوہدری رشیدکو بھی منصوبہ بندی جیسا اہم محکمہ ملا ہے۔

محکمے ملنے کے باوجود ابھی تک یہ طے نہیں کہ آیا بیرسٹر گروپ صدارت سے پیچھے ہٹاہے یا نہیں،گزشتہ دنوں بیرسٹر گروپ نے اجلاس بلا کر صدارت دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔

 

Scroll to Top