ہنڈائی نشاط موٹرز نے پاکستانی صارفین کا انتظار ختم کرتے ہوئے اپنی سب سے اہم اور لگژری ایس یو وی ’ہنڈائی پیلی سیڈ‘ (Hyundai Palisade) کی آفیشل قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔ طاقتور انجن اور جدید ترین فیچرز سے لیس اس گاڑی کو پریمیم مارکیٹ میں ایک بڑا اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک ویلز کی رپورٹ کے مطابق ہنڈائی نے اس گاڑی کو دو مختلف ویرینٹس میں متعارف کروایا ہے تاکہ صارفین اپنی پسند کے مطابق انتخاب کر سکیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق ’پیلی سیڈ اسمارٹ‘ (Palisade Smart) کی قیمت تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب اس کے ٹاپ لائن ویرینٹ ’پیلی سیڈ کیلی گرافی‘ (Palisade Calligraphy) کی قیمت تقریباً 2 کروڑ 30 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہنڈائی پاکستان نے ایلانٹرا ہائبرڈ کے لیے پرکشش اقساطی پلان متعارف کروا دیا
اس پرتعیش گاڑی کو خریدنے کے خواہش مند افراد صرف 30 لاکھ روپے کی ایڈوانس ادائیگی کر کے اسے بک کروا سکتے ہیں۔ تاہم خریداروں کے لیے یہ بات اہم ہے کہ یہ صرف ایکس فیکٹری قیمتیں ہیں، جن میں سی وی ٹی (CVT)، این ای وی (NEV) لیوی اور ایڈوانس انکم ٹیکس شامل نہیں ہیں۔ یہ تمام ٹیکسز گاڑی کی حتمی قیمت میں اضافی طور پر شامل کیے جائیں گے۔
ماہرین کے مطابق ہنڈائی پیلی سیڈ اپنی بڑی جسامت اور طاقتور انجن کی بدولت پاکستان کی پریمیم گاڑیوں کی مارکیٹ میں دوسرے برانڈز کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔




