راولپنڈی(کشمیر ڈیجیٹل) ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر راولپنڈی میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے مطابق پابندیاں 8 مارچ تک نافذ العمل رہیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیوں اور عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈاکٹر فریحہ افراہیم خودکشی کیس، 9رکنی ایکسٹرنل ریویو کمیٹی قائم، نوٹیفکیشن جاری
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
مزید برآں اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی برقرار رہے گی جبکہ لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایس ایچ او کا خاتون اور بچے پرتشدد، علاقے کی فضاء کشیدہ، نیلم پل بند
ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے گریز کریں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔




