اسلام آباد : نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے رمضان المبارک کے دوران شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر اپنے تمام دفاتر کے اوقاتِ کار جاری کر دیے ہیں۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، نادرا کے ہیڈ آفس، ریجنل دفاتر اور وہ تمام مراکز جہاں ایک شفٹ میں کام ہوتا ہے، وہاں پیر سے جمعرات صبح 8:00 بجے سے دوپہر 2:00 بجے تک، جبکہ جمعہ کو صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک کام ہوگا۔
دو شفٹوں والے دفاتر میں صبح کی شفٹ (پیر تا جمعرات اور ہفتہ) صبح 8:00 سے دوپہر 1:00 بجے تک ہوگی، جبکہ جمعہ کو یہ اوقات صبح 8:00 سے 12:30 بجے تک ہوں گے۔ اسی طرح شام کی شفٹ پیر تا جمعرات اور ہفتہ دوپہر 12:30 سے شام 5:00 بجے تک، جبکہ جمعہ کو دوپہر 2:00 سے شام 5:00 بجے تک خدمات فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کیلئے نئی سہولت فراہم کردی
نادرا میگا سینٹرز میں صبح کی شفٹ پیر سے ہفتہ صبح 8:00 سے دوپہر 12:30 بجے تک ہوگی۔ شام کی شفٹ پیر سے جمعرات، ہفتہ اور اتوار کو دوپہر 12:30 سے شام 5:00 بجے تک کام کرے گی، جبکہ جمعہ کے روز یہ اوقات دوپہر 2:00 سے شام 5:00 بجے تک ہوں گے۔

نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لائنوں میں لگنے کے بجائے پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے شناختی کارڈ، نائکوپ، ب فارم اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی تجدید یا ترمیم جیسی سہولیات حاصل کریں۔ اس ایپ کے ذریعے پاسپورٹ اور گاڑیوں کی ٹرانسفر کے لیے بائیو میٹرک تصدیق بھی ممکن ہے۔




