بھارت سے شکست پر بہت باتیں ہو رہی ہیں، ہمارا ٹارگٹ ورلڈ کپ ہے، شاداب خان

کولمبو: پاکستان کرکٹ ٹیم کےآل راؤنڈر شاداب خان کاکہنا ہے کہ بھارت سے شکست پر بہت باتیں ہو رہی ہیں، ہمارا فوکس ایک میچ پر نہیں، ورلڈکپ جیتنے پر ہے۔

کولمبو میں نمیبیا کے خلاف 102 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےنمیبیاکیخلاف میچ کو آسان نہیں لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کو بدترین شکست پر سوشل میڈیا صارفین برس پڑے، ٹیم سلیکشن پر سوالات اٹھا دیئے

شاداب خان نے کہا کہ ایک میچ پر بہت باتیں ہو رہی ہیں، ہمیں وہ میچ جیتنا چاہیے تھا، ہمارا فوکس ایک میچ پر نہیں،ورلڈ کپ جیتنے پر ہے۔

انہوں نےکہا کہ سابق کرکٹرز کی اپنی رائے ہے، وہ لیجنڈز رہے ہیں، ورلڈ کپ میں وہ بھی وہ کچھ نہیں کر سکے جو ہم کر چکے ہیں ہم نے ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرایا ہوا ہے۔

شاداب نے کہاکہ ہم پراسیس پر عمل کر رہے ہیں، ہم جو اچھی چیزیں کرتے آرہے ہیں ہمیں انہیں جاری رکھنا ہوگا، ہمیں اسی طرح بیٹنگ کرنا ہوگی۔ صاحبزادہ فرحان اچھی فارم میں ہیں۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ سپر 8 مرحلہ مشکل ہوگا پریشر والے میچز ہوں گے۔کنڈیشنز کے لحاظ سے تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، ایسا نہیں کہ ہم زیادہ تجربات کر رہے ہیں، ٹی 20کرکٹ میں آج کل زیادہ آل راؤنڈز ہی ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو با آسانی 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی کا بھارت سے اہم کرکٹ ایونٹس کی میزبانی واپس لینے پرغور

پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔200 رنز کےہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے19رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔عثمان طارق نے 16 رنز دےکر 4کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔