مظفرآباد:آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ “اوورسیز کشمیری کنونشن 2026” میں تارکینِ وطن کے مسائل، سرمایہ کاری، نوجوانوں کی خود مختاری اور ریاست کی موجودہ صورتحال پر اہم فیصلے کیے گئے۔
کنونشن کی صدارت وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کی، جبکہ چیف سیکرٹری خوشحال خان اور قائمقام آئی جی پی محمد یاسین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: اوور سیز کانفرنس ،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت
پینل ڈسکشن کے دوران گروپ لیڈران کی تجاویز پر ردعمل دیتے ہوئے چیف سیکرٹری خوشحال خان نےکہا کہ اوورسیز کشمیریوں کی سہولت کیلئے میرپور میں فیسیلیٹیشن سنٹر قائم کیا جائے گا۔
سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دینے کیلئے ‘پرائیویٹ بورڈ آف انویسٹمنٹ’ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور اگلی کابینہ میں لیز پر پابندی ختم کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
لینڈ کمپیوٹرائزیشن کیلئے ڈی جی آئی ٹی کی تعیناتی اور شکایات کے فوری ازالے کیلئے ‘اوورسیز گریونسز ریڈریسل پورٹل’ فعال کیا جائے گا۔
سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (SME) کے ذریعے آسان قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے کے اکثر نکات پر عمل ہو چکا ہے تاہم کمیٹی کے نمائندوں کو دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کے بجائے میز پر بیٹھ کر بقیہ مسائل حل کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ افواہوں اور افراتفری سے ڈائسپورا متاثر ہوتا ہے اور دشمن کو پروپیگنڈے کا موقع ملتا ہے۔
فرینڈز آف کشمیر کی چیرپرسن غزالہ حبیب نے پاکستان کے ساتھ لازوال رشتے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور عوام میں اعتماد کی بحالی اور تعلیمی نصاب میں نظریاتی پختگی ضروری ہے۔
محمد خلیق نے تارکینِ وطن کی جائیدادوں کے تحفظ، عزتِ نفس کی بحالی اور تعلیم و صحت میں پبلک پالیسی کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی میں بڑھتے اختلافات پر عمر نزیر کشمیری کا دوٹوک مؤقف
ڈاکٹر زعفران (بزنس اینڈ انویسٹمنٹ نے میرپور ایئرپورٹ کے قیام، مائننگ اور ہائیڈل پاور میں این او سی کے اجراء، ٹیکس چھوٹ اور آئی ٹی پارک کے قیام کی تجویز دی۔
عظمیٰ خان نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور آئی ٹی و زراعت کے شعبے میں نوجوانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔
کنونشن کے اختتام پر وزیر اعظم اور چیف سیکرٹری نے یقین دلایا کہ ان تمام تجاویز کی روشنی میں ایک جامع پالیسی پیپر مرتب کر کے اس پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔




