دوحہ :سید ذیشان حیدر کاظمی کی چینی وزیر تجارت سے اہم ملاقات

دوحہ(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے نوجوان رہنما سید ذیشان حیدر کاظمی نے دوحہ میں اقوام متحدہ کے عالمی سرمایہ کاری فورم (UN World Investment Forum) کے موقع پر عوامی جمہوریہ چین کے وزیر تجارت وانگ وینتاؤ (Wang Wentao) سے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری کے مواقع، پائیدار ترقی اور علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔

سید ذیشان حیدر کاظمی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) سے متعلق پارلیمانی ٹاسک فورس کی نمائندگی کر رہے تھے۔ وہ سینٹرل ایشیا-افغانستان-پاکستان سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ انیشیٹو (CAPSDI) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی ہیں۔

ملاقات کے دوران کاظمی نے آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے پن بجلی، معدنی وسائل، پائیدار سیاحت اور علاقائی رابطوں کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی۔

 انہوں نے ان شعبوں میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے امکانات پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی شراکت داریوں کو مضبوط بنانے اور ایسے اقتصادی تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جو علاقائی خوشحالی، سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکے۔

ملاقات کو آزاد جموں و کشمیر اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور چین سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔