آزادکشمیر کیلئے موٹرویز منصوبے، وفاقی وزیر نے بڑی خوشخبری سنادی

مظفرآباد: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہر سال اربوں ڈالر وطن بھیج کر ملکی معیشت کو مضبوط بنا رہے ہیں، آزادکشمیر میں موٹرویز پر جلد کام شروع ہونے کی امید ہے۔

مظفرآباد میں اووسیز پاکستانیز فائونڈیشن کے تعاون سے منعقدہ اوورسیز کشمیریز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اوورسیز کنونشن میں اتنے دور سے آنے پر آپ کا شکرگزار ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ہم پیپلز پارٹی کے ڈسے ہوئے لوگ ہیں،حکمرانوں کا احتساب ناگزیر،شاہ غلام قادر

اوورسیز کمیونٹی ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ زلزلہ زدگان کی بحالی سمیت ہر موقع پر ان کا کردار لائق تحسین رہا۔

امیر مقام نے اوورسیز کو پاکستان کے سفیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں اجاگر ہو رہا ہے۔

انجینئر امیرمقام نے آزاد کشمیر حکومت اور وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور ملک کو اوورسیز کشمیریوں کی اشد ضرورت ہے۔اسلام آباد میں منعقد کیا گیا اوورسیز کنونشن ایک مثبت اور قابل تعریف قدم تھا۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزاد کشمیر کے لیے دیے گئے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے یہاں ایسے منصوبے بھی دیے جو عوام کی ڈیمانڈ میں بھی شامل نہیں تھے، جن میں پانچ دانش اسکول شامل ہیں جبکہ مستقبل میں دانش یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جدید موٹر وے منصوبہ، خصوصاً مظفرآباد، میرپور اور مانسہرہ موٹر وے جلد کام شروع ہونے کی امید ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سےکشمیری عوام پر ظلم جاری ہے، دو لاکھ سے زائد گھر مسمار کیے جا چکے ہیں جبکہ لاکھوں کشمیری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کشمیری عوام کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ“کشمیری اپنے شہداء کو پاکستانی پرچم میں دفناتے ہیں، یہ جذبہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اوور سیز کانفرنس ،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت

وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں ایک فلش پوائنٹ بن چکا ہے اور دس مئی کے بعد پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لیڈر شپ کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔

Scroll to Top