ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین قومی ٹیم پر تنقید کے نشتر برسا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر میمز کی بھی بھرمار ہے۔
کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کو 61 رنز سے شکست پرسوشل میڈیا صارفین جہاں قومی ٹیم پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہیں پاکستان کرکٹ بورڈ پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت سے شکست پر شاہد آفریدی برس پڑے، شاہین سمیت کئی کھلاڑیوں کو باہر بٹھانے کا مشورہ دیدیا
اسپورٹس جرنلسٹس عبدالغفار نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر لکھا کہ ٹاس جیتنے کے باوجود پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ مشکوک انتخاب ثابت ہوا۔
انہوں نے کہاکہ ٹیم سلیکشن درست نہیں تھی، محمد نواز، شاداب خان اور شاہین آفریدی کی جگہ فخر زمان اور سلمان مرزا کو کھلایا جانا چاہیے تھا۔
عبدالغفار نے کہاکہ حیران کن طور پر عثمان طارق کو دسویں اوور کے بعد متعارف کرایا گیا، جبکہ آخری اوور شاہین آفریدی سے کرانا ایک ناقص فیصلہ ثابت ہوا، جبکہ ابرار اور شاداب مکمل طور پر ناکام رہے۔
عبدالغفار نے کہاکہ مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی، حالانکہ پریماداسا اسٹیڈیم میں 176 رنز کا مجموعہ ہمیشہ میچ جتوانے کے لیے کافی سمجھا جاتا ہے، آج کے میچ میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، بھارت نے پاکستان کو 61رنز سے شکست دے دی
سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہاکہ بھارت گزشتہ 2 سے 3 سال سے پاکستان کے خلاف ایک ہی بولنگ اٹیک استعمال کر رہا ہے اور ہر بار پاکستانی بلے باز بہت ہی اوسط درجے کے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
صحافی اویس یوسف زئی لکھا کہ اگر شاہد آفریدی اور ثقلین مشتاق کے دامادوں کے بجائے کسی اور کھلاڑی کو موقع دیا جاتا تو میچ کا منظرنامہ مختلف ہو سکتا تھا، دونوں کی کارکردگی بالکل خراب رہی۔
معروف اینکر پرسن شہزاد اقبال نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ امریکا اور نمیبیا کے پارٹ ٹائم کھلاڑیں نے بھی بھارت کو ہم سے زیادہ پریشان کیا۔
جنید خان نامی صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ صرف شاداب خان، شاہین آفریدی اور ابرار کے مشترکہ 6 اوورز میں 86 رنز بنے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کیلئےنمیبیا سے لازمی جیتنا ہو گا
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف اس میچ کا بائیکاٹ کردیا تھا، تاہم آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات کے بعد ٹاکرے میں شریک ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔
بھارت سے شکست کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ میمز بھی وائرل ہیں، جس میں ایک صارف نے لکھا کہ آج محسن نقوی بھی ٹیم سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ایک اور لکھا کہ اس بہتر تھا بائیکاٹ ہی رہنے دیتے۔




