پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پلیئرز آکشن کا انعقاد آج کیا جائے گا، جس کے ذریعے فرنچائزز لیگ کے 11ویں ایڈیشن سے قبل اپنے اسکواڈ حتمی شکل دیں گی۔
ٹیمیں آکشن کے عمل کے ذریعے کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 21 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دے سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں صائم ایوب نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا!
16 رکنی اسکواڈ میں 5 غیر ملکی کھلاڑیوں کی موجودگی لازمی ہوگی جبکہ 21 رکنی اسکواڈ میں 7 غیر ملکی پلیئرز شامل کیے جا سکیں گے۔
اس کے علاوہ ہر اسکواڈ میں کم از کم 2 انڈر 23 کھلاڑیوں کی شمولیت بھی ضروری قرار دی گئی ہے۔
لاہور میں منعقد ہونے والی پلیئرز آکشن صبح 11:30 بجے شروع ہوگی، پی ایس ایل 11 کے پلیئرز آکشن کے لیے مجموعی طور پر 880 کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروا رکھی ہے۔
فرنچائزز کو اپنے اسکواڈ مکمل کرنے کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا مجموعی بجٹ فراہم کیا جائے گا، جس میں ری ٹین کیے گئے اور ڈائریکٹ سائن کیے گئے کھلاڑیوں کی فیس بھی شامل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیری نژاد برطانونی کرکٹر معین علی نے پی ایس ایل میں انٹری دیدی
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے میچز پہلی بار پشاور میں بھی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ رواں سال پی ایس ایل کے میچز پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی منعقد ہوں گے۔
پشاور میں ہونے والے اجلاس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جو صوبے میں موجود ٹیلنٹ کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے 60 فیصد کھلاڑی خیبر پختونخوا سے ہیں، یہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ اسی لیے ہم خیبر پختونخوا کے لیے 2 ٹیمیں بنانے جا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع مل سکے۔




