مظفرآباد ایئرپورٹ روڈ پر آتشزدگی، سعودی شیلٹر سمیت قیمتی سامان جل کر خاکستر

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے کنڈ سیداں، ائیرپورٹ روڈ، ہاڑی سٹاپ کے قریب گزشتہ شب ایک ہولناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعہ محکمہ برقیات و واپڈا کی مبینہ نااہلی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کی آنکھ مچولی اور خطرناک حد تک ہائی وولٹیج کے باعث پیش آیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شہزادہ ولیم کا سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ، اہم ملاقاتیں متوقع

تفصیلات کے مطابق کنڈ سیداں کے رہائشی زوالقرنین نقوی کے رہائشی شیلٹر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں سعودی شیلٹر بمعہ تمام گھریلو سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔

متاثرہ شہری کے مطابق رات تقریباً 10 بجے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی گئی، جس کے بعد 11 بجے سے چند منٹ قبل بار بار بجلی بند اور آن کی جاتی رہی۔

اچانک انتہائی ہائی وولٹیج (تقریباً 440 واٹ) چھوڑ دی گئی، جس کے باعث شدید شارٹ سرکٹ ہوا اور شیلٹر میں آگ بھڑک اٹھی۔ شیلٹر چونکہ سعودی پولسٹر شیٹس کا بنا ہوا تھا اور اندر سے پلائی کی سیلنگ کی گئی تھی، اس لیے آگ نے لمحوں میں پورے شیلٹر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 مظفرآباد کے کنٹرول روم کو رات تقریباً 11 بجے اطلاع دی گئی، تاہم افسوسناک طور پر متعدد بار کال کرنے کے باوجود نہ تو کال رسیوو کی گئی اور نہ ہی کوئی فوری رسپانس دیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلز پارٹی 2026 کے انتخابات میں کلین سویپ کرے گی، ریاست کی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: نورالعین قاضی

ریسکیو 1122 کی عدم دستیابی پر مجبوراً 15 پولیس مظفرآباد کو کال کی گئی، جنہوں نے چوکی پولیس جلال آباد کو فوری طور پر آگاہ کیا۔

چوکی پولیس جلال آباد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائر فائٹنگ ٹیم اور فائر ریسکیو وہیکل کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نادرا کی بڑی سہولت؛ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدگی پر اب دفاتر کے چکروں سے چھٹکارا

تاہم ریسکیو اداروں کی تاخیر کے باعث تب تک شیلٹر اور تمام گھریلو سامان مکمل طور پر جل چکا تھا۔ بعد ازاں فائر فائٹنگ ٹیم نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک کر قریبی آبادی کو مزید نقصان سے محفوظ کر لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متاثرہ خاندان کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

علاقہ مکینوں اور متاثرہ شہری نے محکمہ برقیات و واپڈا کی ناقص کارکردگی، غیر ذمہ دارانہ ہائی وولٹیج اور ریسکیو 1122 کے ناقابلِ قبول رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندان کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔

Scroll to Top