ڈڈیال میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح – نوجوانوں کے لیے بہترین مواقع

ڈڈیال :آزاد جموں و کشمیر میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے، سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (SCO) نے ڈڈیال میں جدید ترین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کا مقصد مقامی نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں مواقع فراہم کر کے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا اور جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنا ہے۔

SCO کے ویژن 2025 کے تحت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئی ٹی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ڈڈیال میں یہ ساتواں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل کیا گیا ہےجبکہ مجموعی طور پر 60 سے زائد آئی ٹی سیٹ اپس، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس (STPs) اور فری لانسنگ حبز کامیابی سے کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں 20 سے زائد فری لانسنگ حبزhubs پہلے ہی فعال ہو چکے ہیں جن سے سینکڑوں نوجوان روزگار حاصل کر رہے ہیں۔

ڈڈیال میں قائم یہ جدید ترین آئی ٹی پارک عالمی معیار کے انفراسٹرکچر، تیز رفتار انٹرنیٹ، اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہے، جس کا مقصد مقامی نوجوانوں کے لیے جدید مہارتوں کا فروغ، روزگار کے مواقع کی تخلیق اور کاروباری ترقی کو ممکن بنانا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے SCO کے ڈائریکٹر جنرل، میجر جنرل عمر احمد شاہ (ہلال امتیاز ملٹری) نے کہا کہ یہ منصوبہ آئی ٹی کے ذریعے علاقے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ:”ڈڈیال میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام سے مقامی نوجوانوں کے لیے ترقی کے دروازے کھلیں گے اورانہیں جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنے کا موقع ملے گا ساتھ ہی خطے کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اب تکSCO کے مختلف منصوبوں کے تحت 6500 سے زائد ملازمتیں پیدا ہو چکی ہیں جبکہ 1400 سے زائد فری لانسرز، جن میں بڑی تعداد خواتین کی ہے، آن لائن کام میں مصروف ہیں۔”

سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی نمایاں سہولتوں میں ،جدید ترین آئی ٹی انفراسٹرکچر،تیز رفتار اور بلا تعطل انٹرنیٹ،سٹارٹ اپس اور کاروباری افراد کے لیے انکیوبیشن سینٹر،فری لانسرز (مرد و خواتین) کے لیے خصوصی ورکنگ ڈیسک اور24/7 آپریشنز اور دیگر قومی و علاقائی آئی ٹی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے مواقع شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب میں SCO آزاد کشمیر کے سیکٹر کمانڈر کرنل یوسف جاوید، کمانڈنگ آفیسر میرپور ڈویژن کرنل عدیل ملک، مقامی انتظامیہ اور ڈڈیال کے معززین نے شرکت کی۔

SCO کے ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ یہ پارک آئی ٹی کمپنیوں، سٹارٹ اپس اور کاروباری حضرات کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا اور ڈڈیال کو جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نمایاں مرکز بنانے میں مدد دے گا۔

Scroll to Top