آزاد کشمیر میں فائبر آپٹیکل انٹرنیٹ منصوبہ منظور، دور دراز علاقوں میں سہولت کی راہ ہموار

آزاد کشمیر بھر میں انٹرنیٹ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی خصوصی دلچسپی سے فائبر آپٹیکل بچھانے کے بڑے منصوبے کی منظوری پر ترجمان وزیراعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر نے تفصیلی اظہارِ خیال کیا ہے۔

شوکت جاوید میر کے مطابق وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے ایک کٹھن وقت میں اقتدار سنبھالا جب آزاد کشمیر کو کئی بڑے چیلنجز کا سامنا تھا۔ ان چیلنجز میں سب سے اہم مسئلہ جدید اور معیاری انٹرنیٹ سہولت کی عدم دستیابی تھا۔ اگرچہ شہری علاقوں میں کسی حد تک انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے، تاہم آزاد کشمیر کے بیشتر دور دراز اور مضافاتی علاقوں میں یہ سہولت مکمل طور پر ناپید تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سست انٹرنیٹ کا حل کیا فائیو جی سروس ہے؟

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس سنگین مسئلے کو سنجیدگی سے لیا اور اسی تناظر میں فائبر آپٹیکل منصوبے کو عملی جامہ پہنایا ، رمضان المبارک کے بعد آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں فائبر آپٹیکل بچھانے کا عملی کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا، جس سے انٹرنیٹ کی جدید سہولیات عوام تک پہنچ سکیں گی۔

ترجمان وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی واضح اکثریت دیہی اور مضافاتی علاقوں میں آباد ہے۔لائن آف کنٹرول سے ملحقہ 14انتخابی حلقہ جات جن میں وادی لیپہ، پنجکوٹ، ہجیرہ، وادی نیلم، بھمبر اور دیگر علاقے شامل ہیں، وہاں انٹرنیٹ کی کوئی باقاعدہ سروس موجود نہیں تھی۔ کئی علاقوں میں تو انٹرنیٹ نام کی کوئی سہولت ہی دستیاب نہ تھی، جس کے باعث عوام خصوصاً طلبہ، کاروباری طبقہ اور نوجوان جدید دنیا سے کٹ کر رہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا انٹرنیٹ سے مستفید ہو رہی ہے اور ترقی کا سب سے بڑا ذریعہ ڈیجیٹل سہولیات ہیں، لیکن آزاد کشمیر کے یہ علاقے اس بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ شوکت جاوید میر کے مطابق وزیراعظم پاکستان نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے اربوں روپے فراہم کیے اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بہترین حکمتِ عملی کے ساتھ وفاقی حکومت سے اشتراک کرتے ہوئے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں 5G سروس کا آغاز، ڈیجیٹل انقلاب کی نئی راہیں کھلیں گی

ترجمان نے مزید کہا کہ فائبر آپٹیکل انٹرنیٹ منصوبہ اربوں روپے کی لاگت پر مشتمل ہے، جو آزاد کشمیر کی تاریخ کا ایک اہم اور دور رس منصوبہ ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی، معاشی اور سماجی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ آزاد کشمیر کو جدید ڈیجیٹل دور سے ہم آہنگ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

آخر میں شوکت جاوید میر نے کہا کہ اس بڑے اور عوامی مفاد کے منصوبے پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور قابلِ تحسین ہیں اور ہم سب کو ان کے اس اقدام کو سراہنا چاہیے، کیونکہ یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Scroll to Top