ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنی ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

بھارت میں جاری آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کرکٹ ٹیم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں علم ہوا ہے کہ اس وقت بھارت میں کرکٹ کا عالمی مقابلہ جاری ہے، جس میں امریکا بھی حصہ لے رہا ہے ۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ٹیم یو ایس اے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ امریکی ٹیم ایک مضبوط اور باصلاحیت اسکواڈ پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے اور کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ حاصل ہے ۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں امریکی ٹیم نے اپنا پہلا مقابلہ میزبان ملک بھارت کے خلاف کھیلا ۔ یہ میچ ممبئی میں منعقد ہوا جہاں امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا اوباما سے متعلق متنازع ویڈیو پر معافی مانگنے سے انکار

بھارت کی جانب سے بلے بازوں نے محتاط مگر مؤثر بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ امریکی بولرز نے بھی وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش کی ۔ تاہم ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 132 رنز ہی بنا سکی ۔

یوں بھارت نے یہ میچ 29 رنز سے اپنے نام کر لیا اور ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا، جبکہ امریکی ٹیم کو پہلے ہی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس کے باوجود امریکی ٹیم کی کارکردگی کو حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے اور شائقین کو اُمید ہے کہ ٹیم آنے والے میچز میں بہتر کھیل پیش کرے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:غزہ بورڈ آف پیس کی پہلی میٹنگ 19 فروری کو ہو گی، ٹرمپ میزبانی کریں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیم یو ایس اے کی حوصلہ افزائی نے کرکٹ کے بین الاقوامی مقابلے میں امریکا کی موجودگی کو مزید نمایاں کر دیا ہے ۔

Scroll to Top