ممبئی :آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں انگلینڈ اور نیپال کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں انگلش ٹیم نے نیپالی ٹیم کوصرف 4 رنز سے ہرا دیا ۔ یہ میچ آخر تک ناصرف دلچسپ رہا بلکہ شائقین کرکٹ کو پوری طرح محظوظ بھی کیا ۔
میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ مقررہ 20 اوورز میں انگلینڈ کی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔ جیکب بیتھل اور ہیری بروک کی شاندار اننگز نے ٹیم کو مضبوط سکور تک پہنچایا، جیکب بیتھل نے 55 اور ہیری بروک نے 53 رنز کی اننگز کھیلیں۔ نیپال کی جانب سے دیپندرا سنگھ اور نندن یادیو نے دو دو وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کی بیٹنگ کو مشکلات میں ڈالا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ:نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
185 رنز کے ہدف کے جواب میں نیپال کی ٹیم نے بھی بھرپور مقابلہ کیا۔ دیپندرا سنگھ نے 44، روہت 39 اور لوکیش نے 39 رنز بنائے، اور ٹیم نے کئی خوبصورت چھکے بھی مارے۔ آخر تک میچ انتہائی دلچسپ رہا، اور آخری اوور میں نیپال کو 10 رنز درکار تھے۔ انگلینڈ کے بولر سیم کرن نے شاندار بولنگ کی اور نیپال کو آخری اوور میں صرف 5 رنز بنانے دئیے، جس کی وجہ سے انگلینڈ 4 رنز سے کامیاب رہا ۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاؤسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سیم کرن، جوفرا آرچر اور لیوک ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ اس میچ نے دونوں ٹیموں کے کھیل کی خوبصورتی اور شائقین کے جوش و خروش کو بڑھا دیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم کو سری لنکا جانا پڑے گا
یہ شاندار مقابلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ورلڈ کپ میں ہر میچ سنسنی خیز اور دلچسپ ہو سکتا ہے، اور ہر ٹیم کے جیتنے کے مواقع برابر رہتے ہیں ۔ انگلینڈ کی ٹیم کی یہ کامیابی ان کے لیے اعتماد کا باعث بنی ہے، جبکہ نیپال نے بھی اپنی محنت اور جوش کے ذریعے شائقین کو متاثر کیا۔




