چنئی: آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
بھارت کے شہر چنئی میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا ۔
افغان بیٹر گلبدین نائب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی دھواں دار اننگ کھیلی تاہم افغان بولرز کی ناقص کارکردگی کے باعث ان کی یہ اننگ ٹیم کیلئے سود مند ثابت نہ ہو سکی ۔
افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے 35 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی ۔ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں ٹیم 182 رنز تک ہی محدود رہی ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بولنگ میں لوکی فرگوسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہنری، جیکب ڈفی اور راچن رویندرا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2026: آئی سی سی کی ہنگامی میٹنگ، بی سی بی صدر کا دورہ پاکستان
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی دو وکٹیں صرف 14 رنز پر گر گئیں۔ فن ایلن اور راچن رویندرا بغیر کوئی رن بنائے کریز چھوڑگئے ۔
تاہم اس مشکل صورتحال میں ٹم سائفرٹ اور گلین فلپس نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کیلئے 74 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس نے ٹیم کو دوبارہ میچ میں واپس لا کھڑا کیا۔ 88 کے مجموعی اسکور پر گلین فلپس 25 گیندوں پر 42 رنز بنا کر راشد خان کا شکار بنے ۔
ٹم سائفرٹ نے شاندار فارم کا تسلسل برقرار رکھا اور مارک چیپمین کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 36 رنز جوڑے ۔ سائفرٹ 42 گیندوں پر 65 رنز کی عمدہ اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے ۔
مارک چیپمین نے 28 رنز بنائے جبکہ ڈیرل مچل 25 اور کپتان کین ولیمسن 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 17.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم کو کبھی بھی چوتھے نمبر پر نہیں کھلانا چاہیے : باسط علی
افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ عظمت اللہ عمر زئی، راشد خان اور محمد نبی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔




