اسلام آباد : محکمہ موسمیات (PMD) نے ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں بارشوں، آندھی اور پہاڑوں پر برفباری کے ایک نئے طاقتور سلسلے کے حوالے سے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ آج 8 فروری کی رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جو 09 فروری سے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر، مری، گلیات میں برفباری، بارش کا امکان،محکمہ موسمیات
مختلف صوبوں میں موسم کی صورتحال
شمالی علاقہ جات اور کشمیر:
گلگت بلتستان اور کشمیر کے اضلاع میں 9 فروری کی رات سے 10 فروری کے دوران شدید برفباری اور بارش کی توقع ہے۔ مری اور گلیات میں بھی سفید چادر بچھنے کا امکان ہے۔
بلوچستان اور سندھ:
8 اور 9 فروری کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلات، مستونگ اور لورالائی سمیت دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی اس دوران ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا:
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک اور چکوال میں 9 فروری کی شام سے بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، دیر، چترال، پشاور اور مردان میں 9 اور 10 فروری کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہوگی۔ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیر،گلگت بلتستان میں بارش،ہلکی برفباری،موسم سرد رہنے کا امکان
احتیاطی تدابیر اور انتباہ:
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث ناران، کاغان، مری اور سوات جیسے سیاحتی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ حکام نے سیاحوں کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔




