پاکستان اور بھارت کے درمیان آج ہونے والے مقابلے نے جہاں شائقین کرکٹ کے جوش و جذبے کو بڑھا دیاہےوہیں اہم حکومتی شخصیات بھی اپنی ٹیم کی حمایت میں پیش پیش ہیں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قومی ٹیم کی فتح کی صورت میں ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
گورنر سندھ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ لندن میں موجود ہیں تاہم ان کا دل اور دماغ دبئی میں ہونے والے اس بڑے مقابلے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر پاکستان یہ تاریخی میچ جیتتا ہے تو وہ ٹیم کو بطور انعام ایک کروڑ روپے دیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
ادھر خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بھی ایک نجی چینل پر گفتگو میں کہا کہ پوری قوم اس اہم میچ کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہے اور سب یہی چاہتے ہیں کہ پاکستان بھارت کو شکست دے۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے دعاگو ہے اور امید ہے کہ ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔
اسی طرح گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے بھی پُرامیدی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان نے بھارت کو کئی بار کرکٹ کے میدان میں شکست دی ہے اور اس بار بھی قوم کو جیت کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے خصوصاً محمد رضوان جیسے کھلاڑیوں سے زبردست کارکردگی کی توقع ہے۔
یہ میچ نہ صرف کرکٹ کا ایک بڑا مقابلہ ہے بلکہ قومی جذبات سے جُڑا ایک اہم موقع بھی ہے۔ عوام، کرکٹ کے دیوانےاور حکومتی نمائندے سب یکجا ہو کر پاکستانی ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں جبکہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرنے کے لیے بڑے انعامات کے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ گرین شرٹس کس طرح میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں۔