ٹرمپ کا اوباما سے متعلق متنازع ویڈیو پر معافی مانگنے سے انکار

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ مشال اوباما سے متعلق متنازع اور توہین آمیز ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے معاملے پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس معاملے میں کوئی غلطی نہیں کی۔

باراک اوباما سے متعلق ویڈیو پوسٹ کرنے پر سامنے آنے والے شدید ردِعمل کے بعد صدر ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا، “میں نے کوئی غلطی نہیں کی”۔ ان کے اس بیان کے بعد یہ معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق صدر باراک اوباما اور خاتونِ اول مشال اوباما کی ایک انتہائی توہین آمیز اے آئی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی تھی۔ اس ویڈیو کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا اور معاملے پر طوفان کھڑا ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ بورڈ آف پیس کی پہلی میٹنگ 19 فروری کو ہو گی، ٹرمپ میزبانی کریں گے

شدید عوامی اور سیاسی دباؤ کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کر دی گئی۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ یہ ویڈیو ایک اسٹاف ممبر کی جانب سے غلطی سے پوسٹ ہو گئی تھی، جسے بعد میں ہٹا دیا گیا۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ نے اوباما اور انکی اہلیہ کی نامناسب تصویر شیئر کردی، امریکا میں ہنگامہ

ویڈیو میں باراک اوباما اور ان کی اہلیہ کو بن مانس کے روپ میں دکھایا گیا تھا، جس پر شدید تنقید سامنے آئی۔ تاہم صدر ٹرمپ نے اس تمام صورتحال کے باوجود کسی بھی قسم کی معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے اور اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

Scroll to Top