وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔ معرکۂ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، تاہم عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مظفرآباد آئے ہیں۔ انہوں نے سابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر کے ہر قائد اور ہر شہری کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ کشمیری اپنے بچے تک قربان کر سکتے ہیں مگر حقِ آزادی سے دستبردار نہیں ہو سکتے۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، اور یہی ہماری خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔ کشمیریوں کا حقِ خودارادیت کا مطالبہ پورا ہونے تک پاکستان اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ مقبوضہ وادی کے کونے کونے سے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کی آواز گونج رہی ہے اور عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد آزادی نصیب ہوگی۔
عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی بیانیہ ناکام
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست سے دوچار کیا۔ اللہ کے کرم، قوم کی دعاؤں اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے باعث شاندار فتح حاصل ہوئی۔ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو دی گئی شکست ایسی ہے جسے ان کی نسلیں بھی نہیں بھولیں گی۔ اس کامیابی کے نتیجے میں مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں اجاگر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔ بھارت شکست کے بعد اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، تاہم خارجہ محاذ پر بھی پاکستان نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر نائب وزیراعظم کی کوششیں لائقِ تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بھارت کے جارحانہ، توسیع پسندانہ اور تسلط پر مبنی عزائم ترک کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گی جو معرکۂ حق میں بھارتی طیاروں کا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دینا ضروری ہے۔ پاکستان نے اہم اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ میں قیامِ امن کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن یہ امن برابری کی سطح پر ہی قائم ہو سکتا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر علاقے میں انفراسٹرکچر کی بہتری کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
مہاجرین، تعلیم اور ترقیاتی منصوبوں کے بڑے اعلانات
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں مہاجرین کا وظیفہ 3500 روپے سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق کشمیر کاز اور قومی ترقی کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ’’کشمیر ہے پاکستان‘‘: یومِ یکجہتی پرنیا ولولہ انگیز ترانہ جاری
انہوں نے اعلان کیا کہ کشمیر کے نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کے لیے دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس مظفرآباد میں قائم کیا جائے گا، جبکہ مظفرآباد میں اسلام آباد کی طرز پر خدمت سینٹر بھی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کے مطابق رواں سال 2096 کشمیری طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے گئے ہیں جبکہ مزید 1700 طلبہ کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ ایجوکیشن بینوولنٹ فنڈ کے ذریعے کشمیری نوجوان دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کریں گے۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں اسکولوں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب روپے فنڈز دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کا اظہارِ خیال
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ڈھائی ماہ میں وزیراعظم شہباز شریف کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے جموں و کشمیر کے عوام پر آٹھ لاکھ فوج مسلط کر رکھی ہے، مگر بھارتی فوج کشمیریوں کی سوچ پر پہرہ نہیں لگا سکتی۔ انہوں نے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام سیاسی قیادتوں نے کشمیر کے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سیاسی جماعتوں کا ہمیشہ کشمیریوں پر دستِ شفقت رہا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر کو دانش اسکول کا تحفہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے، اور دنیا کی کوئی سازش پاکستان سے ہمارے رشتے کو کمزور نہیں کر سکتی۔ تحریکِ تکمیلِ کشمیر ہی دراصل تحریکِ تکمیلِ پاکستان ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر چودھری لطیف اکبر نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مشکور ہیں۔ تنازعہ کشمیر اقوامِ متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے، اور بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے یکطرفہ اقدامات ناقابلِ قبول ہیں۔
مزید پڑھیں: صدر و وزیراعظم پاکستان کا کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان
انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔ کشمیریوں کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارتی تسلط سے آزاد ہوں گے۔




