یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک نیا ولولہ انگیز ترانہ جاری ہوا ہے۔ اس ترانے میں کشمیری عوام کے جذبے، قربانیوں اور عزم و استقامت کو نمایاں انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ ترانے کے دل میں اتر جانے والے بول ’’کشمیر ہے پاکستان‘‘ اس اٹل حقیقت کی ترجمانی کرتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگِ حیات ہے۔
ترانے میں کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں، عزم و استقلال اور ان کے زندہ و جاوید جذبۂ حب الوطنی کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ یہ ترانہ مظلوم کشمیریوں کے حوصلے، امید اور آزادی کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا پیغام دیتا ہے۔
عسکری قیادت کے پیغامات:
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر افواج پاکستان نے بھی کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور ان کی جائز جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر و وزیراعظم پاکستان کا کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کا اعلان
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری قیادت نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو ایک ناقابلِ تردید حق قرار دیا اور عالمی برادری سے فوری اور مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا: “مسلح افواج پاکستان کشمیری عوام کے عزم، قربانیوں اور حوصلے کو سلام پیش کرتی ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔”
مزید پڑھیں: “یوم یکجہتی کشمیر”کاتاریخی و سیاسی پس منظر کیا ہے؟
یہ ترانہ اور عسکری قیادت کے پیغامات کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی غیر مشروط حمایت اور یکجہتی کا مظہر ہیں، جو یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔




