پاکستان میں رمضان المبارک کے چاند کی آمد کے حوالے سے تازہ ترین فلکیاتی پیش گوئی سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق یکم رمضان المبارک 19 فروری 2026 بروز جمعرات ہونے کے قوی امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے چاند سے متعلق اپنی تازہ پیش گوئی میں کہا ہے کہ چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہو گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پیدائش کے بعد اگلے روز چاند کی عمر اور موسمی حالات رویت کے لیے موزوں دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات خاصے مضبوط ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’’کشمیر ہے پاکستان‘‘: یومِ یکجہتی پرنیا ولولہ انگیز ترانہ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 فروری کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔ اسی بنیاد پر یکم رمضان المبارک 19 فروری کو ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، تاہم ماہِ صیام کا چاند نظر آنے سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔
کراچی میں بھی رویت کے حوالے سے تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 18 فروری کو کراچی میں چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو گی، سورج غروب ہونے کا وقت 6 بج کر 25 منٹ اور چاند کا غروب 7 بج کر 24 منٹ پر ہو گا، جو رویت کے لیے موزوں دورانیہ سمجھا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے فلکیاتی تجزیے کے مطابق چاند نظر آنے کے امکانات کے پیش نظر پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری بروز جمعرات ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کیا جائے گا۔




