پاکستان

پاکستان کا فیصلہ عالمی کرکٹ اور شائقین کے مفاد میں نہیں، آئی سی سی

ٹی 20ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر آئی سی سی کا ردعمل آگیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ آئی سی سی نے حکومت پاکستان کی جانب سے دیے گئے اس بیان کا نوٹس لیا ہے جس میں پاکستان ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈکپ 2026 میں شرکت کے حوالے سے ہدایت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کرنے کا فیصلہ ،بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان

آئی سی سی کا کہنا ہےکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ کرنےکا منتظر ہے تاہم یہ مؤقف ایک ایسے عالمی کھیلوں کے ایونٹ کے بنیادی تصور سے مطابقت نہیں رکھتا جہاں تمام کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایونٹ کے طے شدہ شیڈول کے مطابق برابر کی بنیاد پر مقابلہ کریں۔

بیان میں کہا گیا ہےکہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس کی بنیاد کھیل کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف پر ہوتی ہے۔

اگرچہ آئی سی سی قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے تاہم یہ فیصلہ عالمی کرکٹ یا دنیا بھر کے شائقین بشمول پاکستان کے لاکھوں مداحوں کے مفاد میں نہیں ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ امید ہےکہ پی سی بی اس حوالے سے اپنے ملک میں ہونے والے اہم اور طویل المدتی اثرات پر سنجیدگی سے غور کرےگا کیونکہ اس فیصلے کے عالمی کرکٹ نظام پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کا پی سی بی خود بھی رکن اور مستفید ہونے والا فریق ہے۔

آئی سی سی کے مطابق اس کی اولین ترجیح آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد ہے اور یہ ذمہ داری پی سی بی سمیت اس کے تمام رکن ممالک پر عائد ہوتی ہے۔

آئی سی سی توقع کرتی ہےکہ پی سی بی تمام متعلقہ فریقین کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرےگا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو58 رنز سے شکست دے دی

خیال رہےکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔

Scroll to Top