انڈر 19ورلڈ کپ :بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دیدیا

بلاوایو (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کے اہم مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 253 رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔

یہ میچ بلاوایو اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل میں رسائی کے لیے آمنے سامنے ہیں ۔

پاکستانی کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور بھارتی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ ٹاس کے موقع پر بھارتی کپتان نے اسپورٹس مین اسپرٹ کے برعکس رویہ اختیار کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر حتمی فیصلہ آج ہوگا، پی سی بی کا متبادل پلان تیار

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستانی بولنگ شاندار رہی ہے اور ٹیم مکمل اتحاد کے ساتھ کھیل رہی ہے، کوشش ہوگی کہ اچھی اور مثبت کرکٹ پیش کی جائے ۔

واضح رہے کہ 50 اوورز فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بھارت کے خلاف بڑی کامیابی درکار ہے، جبکہ بھارت معمولی مارجن سے جیت کی صورت میں بھی فائنل فور کے لیے کوالیفائی کر جائے گا ۔

پاکستان اگر بھارت کو 200 رنز تک محدود کرنے میں کامیاب ہو جاتا تو ہدف 32 اوورز کے اندر حاصل کرنا ضروری تھا، تاہم 253 رنز کے ہدف کے بعد گرین شرٹس کو یہ اسکور 33 اوورز میں پورا کرنا ہوگا تاکہ رن ریٹ بہتر بنایا جا سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی باکسر عثمان وزیر کا بھارتی حریف مہیش سے ٹاکرا، کس نے کتنے مقابلے جیتے؟

ٹورنامنٹ میں انگلینڈ، افغانستان اور آسٹریلیا پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جبکہ گروپ 2 سے ایک جگہ تاحال خالی ہے۔ بھارت کے 6 پوائنٹس ہیں جبکہ پاکستان کے 4 پوائنٹس ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کا رن ریٹ بھی بھارت سے کم ہے ۔

Scroll to Top