(01 جنوری 2026) : ایشین باکسر عثمان وزیر نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کرنے کے لیے بھرپور تیاری مکمل کر لی ہے۔ 28 فروری کو وہ بھارتی باکسر مہیش کے خلاف رِنگ میں اتریں گے۔ یہ مقابلہ ویلٹر ویٹ کیٹیگری میں رینکنگ فائٹ ہوگا، جس کے لیے باکسرز نے گزشتہ مہینوں سے سخت تربیت جاری رکھی ہے۔
عثمان وزیر اب تک 17 باؤٹس میں ناقابل شکست ہیں اور ہر مقابلے میں فتح اپنے نام کی ہے۔ ان کے بھارتی حریف مہیش نے 10 فائٹس میں کامیابی حاصل کی ہے اور 7 مقابلوں میں شکست کھائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ٹیم کے اسپنرز نے آسٹریلیا کی تمام 10وکٹیں اپنے نام کیں
عثمان وزیر نے اس موقع پر کہا ’’میں ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے لڑا ہوں، بھارت کے باکسر کو گزشتہ سال بھی ہرایا تھا اور اس بار بھی شکست دوں گا۔‘‘
انہوں نے اپنے خلاف لگائے جانے والے الزامات پر بھی جواب دیا اور کہا ’’مجھ پر آسان حریف سے فائٹس لڑنے کے الزامات لگائے جاتے ہیں، یہ الزامات بے بنیاد ہیں، مقابلوں میں بعض مرتبہ سخت اور کبھی آسان حریف مل جاتا ہے، کچھ لوگ مجھے آگے بڑھتا دیکھنا نہیں چاہتے۔‘‘
مزید پڑھیں: گرین شرٹس بمقابلہ بھارت ،سیمی فائنل کا فیصلہ کن معرکہ آج
عثمان وزیر نے مزید کہا ’’تھائی لینڈ میں فائٹس کا انعقاد مہنگا نہیں پڑتا، زیادہ تر باکسرز کم وسائل کی وجہ سے ہی تھائی لینڈ کا رخ کرتے ہیں، اگر مجھے بھی امریکا یا انگلینڈ کا سیٹ اپ مل جائے تو وہی لڑوں گا، میں اپنے خلاف بے بنیاد الزامات کا جواب فتوحات سے دیتا رہا ہوں۔‘‘




