سیونگز سرٹیفکیٹس رکھنے والوں کے لیے ایک اہم اور توجہ طلب خبر سامنے آ گئی ہے، جس کا براہِ راست تعلق ملک میں مختلف بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد سے ہے۔ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (CDNS) نے جنوری 2026 کے لیے ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس، بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس سمیت دیگر بچت اسکیموں پر منافع کی نئی شرحوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد بچت کرنے والوں کے لیے ریٹرنز میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس (DCS) پر منافع کی شرح میں 64 بیس پوائنٹس کی کمی کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس اب 10.44 فیصد سالانہ منافع فراہم کریں گے، جو پہلے کی نسبت کم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل سیونگ سرٹیفیکیٹ میں ایک لاکھ کی سرمایہ کاری پر منافع کی نئی شرحیں مقرر
اسی طرح بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس (BCS)، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹس (PBA) اور شہدا فیملی ویلفیئر اکاؤنٹس (SFW) میں بھی منافع کی شرح کم کر دی گئی ہے۔ ان تینوں اسکیموں میں 48 بیس پوائنٹس کی کمی کے بعد نئی شرح منافع 12 فیصد سالانہ مقرر کی گئی ہے۔
ریگولر انکم سرٹیفکیٹس رکھنے والے افراد کے لیے بھی منافع میں کمی سامنے آئی ہے۔ نئی شرح کے مطابق اب ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر 9.96 فیصد سالانہ منافع دیا جائے گا۔
اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹس میں سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان سرٹیفکیٹس پر 80 بیس پوائنٹس کی نمایاں کمی کے بعد منافع کی نئی شرح 9.4 فیصد سالانہ ہو گئی ہے۔
تاہم اسپیشل سیونگ اکاؤنٹس (SSA) میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ 10.2 فیصد سالانہ پر برقرار رکھے گئے ہیں، جو سرمایہ کاروں کے لیے کسی حد تک استحکام فراہم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قومی بچت اسکیم : بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس پر ماہانہ منافع,محفوظ سرمایہ کاری
اسلامک بچت مصنوعات بھی اس تبدیلی سے متاثر ہوئی ہیں۔ سروہ اسلامک ٹرم اکاؤنٹ اب 9.96 فیصد سالانہ منافع فراہم کرے گا جبکہ سروہ اسلامک سیونگ اکاؤنٹ کی نئی شرح 9.92 فیصد سالانہ مقرر کی گئی ہے۔
ان تمام تبدیلیوں کے بعد مجموعی طور پر بچت کرنے والوں کے لیے مختلف اسکیموں میں حاصل ہونے والے منافع میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔




