پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 2026 کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق، پہلی بار لیگ کی تاریخ میں کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ کے بجائے آکشن سسٹم کے تحت کیا جائے گا۔
پی ایس ایل 2026 کا پلیئر آکشن 11 فروری کو ہوگا، جس میں تمام فرنچائزز اپنے سکواڈز کی حتمی تشکیل دیں گی۔
ٹیم سکواڈ کی تعداد اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی پالیسی:
پی ایس ایل 2026 میں ہر ٹیم کا سکواڈ 16 سے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ ہر فرنچائز کو اپنے سکواڈ میں کم از کم پانچ اور زیادہ سے زیادہ سات غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ پلیئنگ الیون میں کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ چار غیر ملکی کھلاڑی کھیلیں گے۔ یہ قوانین لیگ میں توازن اور مسابقت قائم رکھنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل ، پلیئرز آکشن 10فروری کو ہوگا،بیس پرائس بھی مقرر
نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع:
نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ٹیم کے سکواڈ میں کم از کم دو ان کیپڈ انڈر 23 کھلاڑی شامل کرنا لازمی ہوگا۔ پلیئنگ الیون میں بھی کم از کم ایک ان کیپڈ انڈر 23 کھلاڑی کھیلیں گے تاکہ نوجوان کھلاڑی اعلیٰ سطح پر کھیلنے کا تجربہ حاصل کر سکیں۔
کھلاڑی کنٹریکٹس اور ریٹینشن کے اصول:
پی ایس ایل 2026 میں منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو دو سالہ کنٹریکٹس دیے جائیں گے۔ پی ایس ایل 11 کے بعد فرنچائزز سات کھلاڑیوں کو ریٹین کر سکیں گی، جبکہ پی ایس ایل 12 کے بعد ہونے والے گرینڈ آکشن میں زیادہ سے زیادہ پانچ کھلاڑی ریٹین کیے جا سکیں گے۔

فرنچائز پرس اور غیر ملکی کھلاڑی کی سائننگ:
ہر فرنچائز کے لیے بیس پرس 45 کروڑ روپے مقرر ہے، جسے بڑھا کر ساڑھے 50 کروڑ روپے تک لے جایا جا سکتا ہے۔ ہر ٹیم کو ایک غیر ملکی کھلاڑی کو براہِ راست سائن کرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ وہ کھلاڑی ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 میں شریک نہ رہا ہو۔ پاکستان کرکٹ بورڈ فرنچائزز کو معیاری اور ایلیٹ غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی میں بھی مدد فراہم کرے گا۔

پلیئر آکشن کی بیس پرائسز:
پی ایس ایل 2026 میں کھلاڑیوں کی بیس پرائس مختلف کیٹیگریز میں مقرر کی گئی ہیں، جو 60 لاکھ روپے سے لے کر 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک ہیں۔ یہ مختلف درجے کے قومی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو آکشن میں شامل ہونے کا موقع فراہم کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 11 میں لوکل کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کیا ہونگی؟فہرست سامنے آگئی

بولی میں کم از کم اضافہ کی حد:
آکشن کے دوران بولی میں کم از کم اضافے کی حد واضح کی گئی ہے۔ کم قیمت والے کھلاڑیوں پر کم اضافہ، جبکہ مہنگے کھلاڑیوں پر زیادہ اضافہ لازمی ہوگا۔ اگر بولی 4 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زیادہ ہو تو ہر بار کم از کم 15 لاکھ روپے کا اضافہ ضروری ہوگا۔ تمام بولیاں پاکستانی روپے میں کی جائیں گی۔
آکشن سسٹم کے فوائد:
پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق آکشن سسٹم سے نہ صرف ٹیمیں زیادہ متوازن ہوں گی بلکہ کھلاڑیوں کو اپنی اصل مارکیٹ ویلیو بھی حاصل ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ نظام لیگ کے معیار، مسابقت اور عالمی دلچسپی میں مزید اضافہ کرے گا۔




