محمود گلی حویلی میں کئی گھنٹوں سے پھنسے مسافروں کوپاک فوج نے ریسکیو کر لیا

شدید برفباری کے باعث محمود گلی فارورڈ کہوٹہ میں محمود گلی اور ٹھنڈی کسی کے مقام پر پھنسے 32 مسافروں اور 2ڈیڈ باڈیز کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

پاک فوج نے انتظامیہ، مقامی افرادکے ہمراہ آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا جبکہ مزید مسافروں اور گاڑیوں کی تلاش جاری ہے۔چمیاٹی دھیرکوٹ کے مقام پر پھنسے افراد کو بھی ریسکیو کرکے دھیرکوٹ منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حویلی محمود گلی کے مقام پر مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر، شدید برفباری کے باعث بند سڑکیں بحال نہ ہوسکیں، مزید برفباری کاالرٹ جاری

دن کے وقت ایک ویڈیو آئی تھی جس میں بتایا جا رہا تھا کہ محمود گلی کے مقام پر ایمبولییس اور کوسٹرپھنسی ہوئی ہیں جن میں درجنوں افراد سوار ہیں جبکہ انتظامیہ کا کوئی شخص موجود نہیں ہے۔

قبل ازیں دن کو پیر چناسی مظفرآباد میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ مجموعی طور پر 25 افراد کو نکالا گیا، جن میں 4 افراد جہلم (پاکستان) جبکہ باقی مظفرآباد سے تعلق رکھتے تھے۔

ریسکیو آپریشن ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر حماد بشیر کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹورازم پولیس اور ریسکیو 1122 کے باہمی تعاون سے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ بروقت اور مربوط کارروائی کے باعث تمام افراد محفوظ رہے۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بحالی کے کاموں میں پاک فوج کے جوان پیش پیش ہیں اور لوگوں کو بروقت ریسکیو کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top