اسلام آباد: بدھ کے روز سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور پہلی مرتبہ فی تولہ سونے کی قیمت نے پانچ لاکھ روپے کی حد عبور کر گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بدھ 21 جنوری کو 10گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 888 روپے کے اضافے کے بعد چار لاکھ 34 ہزار 123 روپے تک پہنچ گئی۔
اس طرح سونے کی فی تولہ قیمت میں 12 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ قیمت 5لاکھ 6ہزار 632روپے فی تولہ ہو گئی۔
اس اضافے کی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہے جو 127 ڈالر فی اونس اضافے کے بعد 4840 ڈالر فی اونس کی سطح تک چلا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں سونا مہنگا یا سستا ؟ آج کی قیمتیں جاری
سونے کی تجارت سے وابستہ افراد کے مطابق سونے کی قیمت میں اضافے کی وجہ جیو پولیٹیکل حالات ہیں جو دنیا میں سرمایہ کاروں کو سونے میں پیسہ لگانے کی جانب راغب کر رہے ہیں۔
سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ 1970 کی دہائی کے بعد سب سے زیادہ تیزی سے ہونے والا اضافہ ہے جو گذشتہ برس اپریل سے اب تک 50 فیصد سے زیادہ بڑھ چکی ہے۔
ماہرین کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کے اعلان کے بعد سے عالمی تجارت متاثر ہوئی اور یہ اضافہ ان پابندیوں کے علاوہ شرحِ سود میں کمی کے اعلانات کا نتیجہ کہا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کسی نہ کسی وقت پر سونے کی قیمت میں گراوٹ ہو گی لیکن موجودہ معاشی منظر نامے میں کم از کم اگلے پانچ سال تک کے لیے سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار رہنے کی امید ہے۔




