مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کشمیر ڈیجیٹل کے پروگرام میں سید غلام رضا کاظمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں تحریکوں نے جنم لیا ۔ اس کی بنیادی وجہ حکومتوں کی غلط پالیسیاں ہیں ۔
سردار عتیق خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ اڑھائی سال میں حکومت عملی طور پر ناکام ہوچکی تھی جس کی وجہ سے آزادکشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی نامی تحریک نے جنم لیا ۔ عوامی ایکشن کمیٹی کی نقل وحرکت قابل اعتراض، پاکستان،قائداعظم ، پرچم کی توہین کی گئی جوناقابل تلافی کردار ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت: کرونا سے بھی زیادہ خطرناک نپاہ وائرس رپورٹ،الرٹ جاری
سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان تو بہت عرصہ قبل یہ کہہ چکے تھے کہ جب بھی مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانی ہوئی تو سب سے پہلے آزادکشمیر کو مستحکم کیا جائےگا۔ آزادکشمیر میں سیاسی جماعتوں ، سیاسی کارکنوں کو غیر فعال کردیا گیا ہے ۔ ایم ایل ایز کی حکومت کا نیا تصور پیدا کیا گیا جبکہ سسٹم بھی اس کیساتھ ہی غیر فعال ہوگیا۔
سردار عتیق احمد خان کا کہناتھا کہ جب بھی کسی ریاست میں خلاء پیدا ہوجائے تو ملکی وغیر ملکی سارے فیکٹر اکھٹے ہوجاتے ہیں اور ریاستوں کو کمزور کرنے کیلئے ایسے ہی حربے استعمال کئے جاتے ہیں ۔ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اور مسلم کانفرنس کو اپنی جماعت کہا تھا ۔
سابق وزیراعظم سردار عتیق خان کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ اور مسلم کانفرنس کو اپنی جماعت کہا تھا ، بعض قوتوں نے پاکستان بننے سے قبل مسلم کانفرنس کو توڑا اور نیشنل کانفرنس شیخ عبداللہ تشکیل دیکر کشمیری عوام کو تقسیم کردیا گیا۔
سابق وزیراعظم سردار عتیق خان کا کہنا تھا کہ میں فاروق حیدر پر کسی قسم کا الزام عائد نہیں کرتا ان کے خاندان اور والدکا میں احترام کرتا ہوں ، فاروق حیدر کے خاندان کا مسئلہ کشمیر کیلئے بڑا کردار رہا ہے ۔ تاہم اتنا کہوں گا کہ راجہ فاروق حیدر اپنی کمزوری چھپانے کیلئے آئے دن مجھ پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہیں ۔۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایپل کمپنی کا تاریخ میں پہلی بارسستا لیپ ٹاپ متعارف کرانے کا اعلان
سابق وزیراعظم سردار عتیق خان کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے بعض ممبران پاکستان کی توہین کریں، فوج کو گالی دیں، پرچم کی توہین کریں ۔ قائداعظم کی تصویر کی توہین کریں، پاکستان کو غاصب سمجھیں ، یہ باتیں کشمیر کے لوگوں کو زیب نہیں دیتیں۔ کیونکہ یہ خطہ آزاد ہی اسلام اور پاکستان کے نام پر ہوا ہے ۔مسلم کانفرنس پاکستان کیساتھ غیر مشروط وابستگی پر ایمان رکھتی ہے ۔
سردار عتیق احمد خان کا کہناتھا کہ ایسی صورتحال میں مسلم کانفرنس کا عوامی ایکشن کمیٹی کیساتھ اختلاف رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔۔مگر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران سے کہوں گا کہ وہ اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کریں۔
عوامی ایکشن کمیٹی دیندار ، اچھے لوگوں پر مشتمل ہے انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے لداخ میں جس تیزی کیساتھ عوامی تحریک اٹھی تھی اسی تیزی سے زمین بوس ہوگئی ۔
ایسی تحریکیں زیادہ دیر نہیں چل سکتیں۔ کیونکہ یہ چند مفادات کیلئے چلائی جاتی ہیں ۔ ان کا کوئی بڑا مقصد نہیں ہوتا۔
سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پہلی بار مرد مومن سید عاصم منیر کی صورت میں فیلڈ مارشل ملا جس نے بھارت کو بنیان مرصوص معرکہ حق میں ناکوں چنے چبوادیئے ہیں۔
مستقبل میں ایک دو موقع آئے تو بھارت کو پاکستان کیساتھ بیٹھ کر بات کرنی پڑے گی اور مسئلہ کشمیر کا حل ضرور نکلے گا۔
سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ کورکمیٹی اجلاس میں تقریباً دوہزار سے زائد افراد نے شرکت کی اور ہم نے کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے تمام حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کریں گے ۔
تمام سیاسی جماعتوں سے مسلم کانفرنس آخری وقت تک مذاکرات کرے گی ۔ کسی ایک جماعت کیساتھ الحاق کا ابھی نہیں سوچا۔
ایک سوال کے جواب میں سردار عتیق خان کا کہنا تھا کہ بعض عناصر نہیں چاہتے کہ آزادکشمیر الیکشن کی طرف جائے ۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے سردار عتیق خان کا کہنا تھا کہ سید نظیر الحسن گیلانی سے میری بات ہوئی ہے
الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر بھر میں الیکشن کروانے کی تیاری مکمل کرلی ہے اور نادرا کی ٹیموں کی خدمات بھی حاصل کرلی ہیں ۔ چیف الیکشن کمشنر نے آکر کچھ نہیں کرنا ۔ ممبرالیکشن کمیشن نے وہ کام کردکھایا جو چیف الیکشن کمیشن بھی شائد نہ کرسکے ۔
مزید اس لنک میں انٹرویو سنیں




