وویمن چیمبر آف کامرس بورڈ آف ڈائریکٹرز آزادکشمیرکا اہم اجلاس، ممبر شپ کا اعلان

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آزاد جموں و کشمیر بورڈ آف ڈائریکٹرز اور گولڈن ممبران کا ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس صدر وومن چیمبر ڈاکٹر سدرہ آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں تنظیمی امور، خواتین تاجروں کو درپیش مسائل اور آزاد کشمیر میں خواتین کی معاشی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد:معمولی تنازع تصادم میں تبدیل ،3 گھر راکھ کا ڈھیر،شہری سراپا احتجاج

اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ویمن چیمبر کی سیکرٹری کی جانب سے ایجنڈے کے آئٹمز پر بریفنگ دی گئی۔

صدر ڈاکٹر سدرہ آزاد نے کہا کہ وویمن چیمبر آزاد کشمیر میں خواتین انٹرپرینیورز، پروفیشنلز، اسٹارٹ اپس اور گھریلو کاروبار سے منسلک خواتین کیلئے ایک مضبوط اور موثر پلیٹ فارم کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

ممبرشپ مہم پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، خواتین چیمبر کے پلیٹ فارم سے زیادہ سے زیادہ خواتین کاروباریوں کو جوڑنے کیلئے اضلاع اور نچلی سطح تک پہنچنے پر زور دیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:حکومت پاکستان اورورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان اہم معاہدہ طے پاگیا

شرکاء نے آزاد کشمیر کی تاجر برادری کو درپیش این ٹی این اور جی ایس ٹی سے متعلق مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مختلف وفاقی اداروں کی جانب سے آزاد کشمیر کے ڈومیسائل ہولڈرز سے 4 فیصد اضافی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔

اجلاس میں متفقہ طور پر ان مسائل کے حل کیلئے وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اور وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

بورڈ ممبران نے قلیل المدتی اور طویل المدتی حکمت عملیوں کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں اور ویمن چیمبر کی سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ ایک جامع سٹریٹجک ایکشن پلان تیار کریں جو آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبران کی خدمات کو سراہا گیا جبکہ نئے تعینات ہونے والے عہدیداران نے ویمن چیمبر کو مزید فعال اور موثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top