میرپور( کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض کا کہنا ہے کہ میرپور میں ضلعی انتظامیہ،کاروباری حضرات وسماجی تنظیموں کے اشتراک سے رمضان سستے بازار لگائے جائیں گے جہاں تمام روزمرہ کی اشیاء خوردونوش دستیاب ہونگی۔
جموں و کشمیر یونائیٹڈ موؤمنٹ کے زیر اہتمام ضلع بھر میں 42 پوانٹس پر فری سحری وافطاری کروائی جائیگی۔سستے رمضان بازاروں سمیت سبزی منڈی اور مصروف ترین بازاروں میں انتظامیہ شکایات سیل قائم کریگی۔واٹس ایپ کی سہولت بھی میسر ہوگی۔
غرباء،مساکین،مسافروں،مریضوں کے لواحقین،حوالاتیوں وقیدیوں کیلئے بھی فری لنگر خانوں کے ذریعے سحری و افطاری دی جائیگی۔
ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سستے بازاروں کے ذریعے عوام الناس کو کھانے پینے کی اشیاء میں بھرپور ریلیف دیں گے ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران میرپور شہر،ڈڈیال،اسلام گڑھ،چکسواری میں سستے رمضان بازار وں میں اشیاء خوردونوش مارکیٹ سے نہایت ہی سستے داموں موجود ہونگی۔
میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام نانگی میں ریڑھی بانوں کے زیر اہتمام سستا بازار لگایا جائے گا اور صفائی ستھرائی کا بہترین انتظام ہوگا۔
جموں و کشمیر یونائیٹڈ موؤمنٹ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد فاروق نے بتایاکہ شہر میں سستے تندور بھی لگا دیئے گئے ہیں جہاں غرباء و مساکین سمیت عام دیہاڑی دار آدمی کو 10 روپے کے حساب سے روٹی فراہم کی جارہی ہے
جموں وکشمیر یونائیٹڈ موؤمنٹ کے زیر اہتمام بیواؤں،مطلقہ اور شہداء کی فیملی کے لئے رمضان المبارک میں فری فوڈ پیکج بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان خالد،اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال یاسر بخاری،ڈائریکٹر ادارہ ترقیات مرزا کلیم ،جموں وکشمیر یونائیٹڈ موؤمنٹ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد فاروق،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت آصف جمیل کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:رمضان المبارک میں صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں گے ، چیف انجینئر برقیات نذیر مغل