بھمبر: ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز کی زیرِ صدارت انسدادِ پولیو مہم (2 تا 5 فروری) کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں جاری اور آئندہ پولیو مہم کو مؤثر، منظم اور کامیاب بنانے کے لیے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں محکمہ صحت، پولیس، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انسدادِ پولیو مہم کے لیے تمام متعلقہ محکموں کی ذمہ داریاں واضح طور پر متعین کی گئیں جبکہ ایک جامع پلان آف ایکشن بھی مرتب کیا گیا تاکہ مہم کو ہر سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بھر کی طرح بھمبر اور نیلم میں بھی قومی انسدادِ پولیو مہم جاری
ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے کہا کہ الحمدللہ آزاد جموں و کشمیر ایک پولیو فری ریاست ہے جو ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس اعزاز کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اداروں کو بھرپور محنت، باہمی تعاون اور فیلڈ میں مؤثر نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ڈی ایچ او بھمبر محترمہ ڈاکٹر ارم بتول نے اجلاس میں دیگر ہیلتھ افسران کے ہمراہ پولیو وائرس سے بچاؤ، مہم کے اہداف، ٹیموں کی تعیناتی، مائیکرو پلاننگ اور مانیٹرنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے عملی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر بھمبر نے ڈی ایچ او اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مجسٹریٹس کی جانب سے مہم کے دوران مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو بروقت دور کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بھمبر میں دلخراش واقعہ،ماں نے دوست کیساتھ مل کر اپنے 3 بچوں کو قتل کر دیا
اجلاس میں عالمی ادارہ صحت (WHO) اور محکمہ تعلیم کے افسران نے بھی انسدادِ پولیو مہم کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے ذریعے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر بھمبر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں اور باہمی رابطہ مزید مضبوط بناتے ہوئے انسدادِ پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے۔




