پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حریم فاروق نے اپنی ذاتی زندگی اور مستقبل کے لائف پارٹنر سے متعلق خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک رومانوی انسان ہیں اور اپنی زندگی میں بھی فلمی انداز کا خواب رکھتی ہیں۔
حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں حریم فاروق نے مستقبل میں ہونے والے لائف پارٹنر کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فطری طور پر بہت فلمی اور رومانوی مزاج رکھتی ہیں اور چاہتی ہیں کہ ان کی زندگی میں بھی کوئی شہزادہ آئے جو انہیں بگی پر بٹھا کر لے جائے۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ عابدہ پروین کی وفات کی خبریں جھوٹی، بیٹی کی تصدیق
اداکارہ کے مطابق وہ محبت کے تصور کو ہمیشہ فلموں کے انداز میں دیکھتی آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بالی ووڈ کی مشہور فلمیں دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور دل تو پاگل ہے کی مداح ہیں، جبکہ ہالی ووڈ فلم ٹائٹینک انہوں نے کئی بار دیکھی ہے۔ حریم فاروق کا کہنا تھا کہ وہ ایسے انسان کو حقیقی محبت کرنے والا سمجھتی ہیں جو آپ کے لیے دوسروں سے لڑنے کو تیار ہو اور خود کو بدلنے کی کوشش کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص کسی کے لیے خود میں تبدیلی لاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ واقعی محبت کرتا ہے۔ ان کے نزدیک محبت صرف الفاظ تک محدود نہیں بلکہ عمل سے ظاہر ہوتی ہے۔
دل ٹوٹنے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے حریم فاروق نے کہا کہ دل ٹوٹنے کے بعد انسان کو محسوس ہوتا ہے جیسے دنیا ختم ہو گئی ہو۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب ایک مہینے تک انہیں بھی یہی احساس رہا۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنی سوچ کو بدلا اور خود کو یہ سمجھایا کہ ابھی پوری زندگی باقی ہے۔
اداکارہ کے مطابق زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے سوچ کا بدلنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت کے بعد خود کو سنبھالنا اور نئی امید کے ساتھ زندگی کو دیکھنا ہی اصل کامیابی ہے۔
حریم فاروق کے یہ خیالات سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، جہاں مداح ان کے رومانوی خیالات اور کھلے دل سے گفتگو کو سراہ رہے ہیں۔




