ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں،پہاڑوں نے سفیدکمبل اوڑھ لیے

ملک کے بالائی علاقے بدستور شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ جھیلیں جم چکی ہیں۔ برفباری کے باعث پہاڑوں نے سفیدکمبل اوڑھ لیے ہیں جس سے آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔ سرد موسم اور برف سے ڈھکے مناظر نے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔

اسلام آباد اس وقت خشک سردی اور دھند کی لپیٹ میں ہے۔ شہر کا مطلع دن بھر ابر آلود رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ سرد موسم کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

لاہور میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم شہر میں دھند کی شدت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث سردی کی لہر برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند، موٹرویز بند اور پروازیں متاثر

ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد جب دھوپ نکلی تو قدرتی مناظر مزید دلفریب ہو گئے۔ خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں نے مختلف تفریحی مقامات کا رخ کیا۔ سیاحوں نے قدرت کے حسین نظاروں سے بھرپور لطف اٹھایا اور برف سے ڈھکے پہاڑوں کے مناظر کو سراہا۔

ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ چھٹی کے روز نتھیا گلی میں قیام پذیر سیاحوں نے سنو فال کو خوب انجوائے کیا۔ اسی طرح مالم جبہ کا موسم بھی حسین ہو گیا ہے جہاں سیاحوں کی کثیر تعداد نے وادی کا رخ کیا اور برفباری کے ساتھ قدرتی حسن سے محظوظ ہوئے۔

وادی شگر میں موسم سرما اور سال کی پہلی برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔ برفباری کے باعث وادی میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے جبکہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں کمی آ گئی ہے۔ برفباری پر سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم، سرد موسم ،برفباری ،شاہراہ شاردا پر نمک کا چھڑکاؤ، ٹریفک آمدو رفت کیلئے بحال

ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی اور وسطی اضلاع میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث سرد موسم کی لہر برقرار ہے۔

Scroll to Top