ٹرمپ نے کولمبیا کے خلاف فوجی کارروائی کو خوش کن قرار دے دیا

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے بعد کولمبیا کے خلاف بھی فوجی آپریشن کی دھمکی دے دی ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کولمبیا کے خلاف ایسی کارروائی انہیں مناسب لگتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے کولمبیا اور اس کے صدر گسٹاوو پیٹرو پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کولمبیا ایک بیمار ملک ہے جسے ایک بیمار شخص چلا رہا ہے، جسے کوکین بنانا اور امریکہ میں فروخت کرنا پسند ہے، تاہم وہ یہ کام زیادہ عرصے تک نہیں کر سکے گا۔

جب صدر ٹرمپ سے براہ راست سوال کیا گیا کہ آیا امریکہ کولمبیا کے خلاف فوجی کارروائی کرے گا، تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسی بات انہیں خوش کن لگتی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ کی جانب سے وینزویلا کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ اس کارروائی کے نتیجے میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو گرفتار کر کے نیویارک منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں منشیات کی سمگلنگ سے متعلق الزامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی حملہ،وینزویلا میں 40افراد ہلاک، ٹرمپ کی نائب صدر کو بھی دھمکی

صدر ٹرمپ نے ہفتے کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا تھا کہ امریکہ نے وینزویلا اور اس کے صدر نکولس مادورو کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کامیابی سے انجام دی ہے، جس کے نتیجے میں مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔

بعد ازاں ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وینزویلا کو امریکہ چلائے گا اور اس کے وسیع تیل کے ذخائر سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق امریکہ کی جانب سے لوگوں کو نامزد کیا جا رہا ہے، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ان کے ساتھ موجود کابینہ کے ارکان اس عمل کی نگرانی کریں گے۔

ایک اور بیان میں صدر ٹرمپ نے یہ عندیہ بھی دیا کہ وینزویلا میں امریکی فوج تعینات کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین کا امریکا سے وینزویلا کے صدر اورانکی اہلیہ کی فوری رہائی کامطالبہ

واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے بائیں بازو کے رہنما نکولس مادورو پر کئی ماہ سے دباؤ بڑھایا جا رہا تھا۔ صدر ٹرمپ نے دسمبر میں کہا تھا کہ مادورو کے لیے اقتدار چھوڑ دینا دانشمندی ہو گا، جبکہ اس سے قبل وہ یہ بھی کہہ چکے تھے کہ وینزویلا کے صدر کے دن گنے جا چکے ہیں۔

Scroll to Top