کراچی : شہر قائد میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر کو ایک بڑے سانحے سے بچا لیا ۔
خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے رئیس گوٹھ میں آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ایک بڑے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا ۔
کارروائی کے دوران ایک منی ٹرک میں نصب وی بی آئی ای ڈی (گاڑی میں نصب بم) کو ناکارہ بنایا گیا، جس میں تقریباً دو ہزار کلوگرام دھماکہ خیز مواد موجود تھا ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق منی ٹرک میں 60 پلاسٹک ڈرمز میں بھرا ہوا بارودی مواد اور پانچ بڑے دھاتی گیس سلنڈر شامل تھے، جو کسی بڑے ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیے گئے تھے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:افغانستان سے دہشت گردی کا نیا خطرہ ، عالمی برادری کردار ادا کرے : وزیر اعظم شہباز شریف
اس کے علاوہ اسی کمپاؤنڈ سے اضافی دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، جن میں دیسی ساختہ بارود سے بھرے چھ تھیلے شامل تھے، جن میں سے ہر تھیلے کا وزن تقریباً ایک من بتایا جا رہا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بھاری مقدار میں بارودی مواد کراچی کے ایک بڑے شاپنگ مال کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا تھا، جس کا مقصد بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچانا تھا ۔
تاہم سکیورٹی اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث دہشت گرد اپنے عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے ۔
سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کالعدم تنظیم بی ایل اے کی جانب سے کراچی میں دہشت گردی کی دوسری بڑی کوشش تھی جسے ناکام بنایا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاسبان حریت نے بھارت کے ظلم وجبر کو کھلی ریاستی دہشت گردی قرار دے دیا
اس سے قبل بھی سکیورٹی فورسز نے ایک خودکش حملہ آور خاتون کو گرفتار کر کے بی ایل اے کے نیٹ ورک سے آزاد کرایا تھا، جسے حملے کے لیے کراچی بھیجا جا رہا تھا ۔
سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی ۔




