مقدمہ درج

لاہور ، ’’نک دا کوکا‘‘ گانا گانے پر قوال فراز خان کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج

لاہور : صوبائی دارالحکومت میں منعقدہ ایک سرکاری ثقافتی تقریب کے دوران متنازع گانا گانے پر قوال فراز خان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔

پولیس کے مطابق یہ مقدمہ تھانہ باغبانپورہ میں شالیمار باغ کے انچارج ضمیر الحسن ولد تنویر الحسن کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی جانب سے شالیمار باغ میں “چاندنی راتیں” کے عنوان سے ایک ثقافتی پروگرام منعقد کیا گیا تھا، جس میں سیاسی نعرے بازی یا کسی بھی قسم کے سیاسی مواد کی سختی سے ممانعت تھی ۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق تقریب کے دوران قوال فراز خان نے بغیر اجازت ’’نک دا کوکا‘‘ نامی گانا گایا، جس کے بول میں اڈیالہ جیل کے قیدی نمبر 804 کا ذکر شامل تھا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قوال اور اس کے ساتھیوں کی جانب سے یہ گانا پیش کیے جانے کے نتیجے میں شرکاء میں اشتعال پیدا ہوا، جسے انتظامیہ نے بروقت قابو میں لیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی نرسو ں کے لیے جرمنی میں روزگار کے سنہری موقع موجود ،بی ای او ای

درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے تقریب کے غیر سیاسی اور ثقافتی مقاصد کو نقصان پہنچا اور سرکاری ادارے کی ساکھ و غیر جانبداری متاثر ہوئی ۔ پولیس کے مطابق قوال فراز خان کا یہ طرزِ عمل غیر ذمہ دارانہ، قابلِ مذمت اور قانونی حدود سے تجاوز کے مترادف ہے ۔

مدعی نے ایف آئی آر میں مؤقف اپنایا کہ قوال کا یہ عمل عوام کو مشتعل کرنے، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور ریاستی ادارے کو متنازع بنانے کی کوشش کے زمرے میں آتا ہے، جو ایک قابلِ تعزیر جرم ہے ۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کا مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جا رہا ہے ۔

Scroll to Top