پاسبان حریت نے بھارت کے ظلم وجبر کو کھلی ریاستی دہشت گردی قرار دے دیا

مظفرآباد : پاسبان حریت جموں کشمیر نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ تنظیم کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے اقوامِ متحدہ کے ماہرین کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں حالیہ مشکوک واقعے کے بعد بھارتی فورسز کے جبر میں خوفناک اضافہ ہوا ہے۔

عزیر احمد غزالی کے مطابق، 2800 سے زائد کشمیریوں کی گرفتاری، UAPA کے ظالمانہ قوانین کے تحت حراستیں، تشدد، نظربندوں کو اہلخانہ اور وکلا سے ملاقات نہ دینا، گھروں کی مسماری، جبری بے دخلی، مواصلاتی بلیک آؤٹ اور صحافتی سرگرمیوں پر پابندیاں بھارتی ریاستی جبر کی بدترین مثالیں ہیں۔

چیئرمین نے دہلی دھماکے میں ایک کشمیری کو بے بنیاد طور پر ملوث کرنے کی بھارتی چال کو شرمناک اور خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور کشمیریوں کی جائز آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑنے کے لیے جھوٹے مقدمات، جعلی الزامات اور پروپیگنڈے کا سہارا لے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:َ مقبوضہ کشمیر: پولیس اسٹیشن میں دھماکا، 7 افراد جاں بحق، 27 زخمی

عزیر احمد غزالی نے مزید کہا کہ بھارتی فورسز نے گزشتہ ہفتوں میں 800 سے زائد مقامات اور گھروں پر چھاپے مارے اور 1500 سے زائد بے گناہ کشمیری شہریوں کو گرفتار کیا، جن میں ڈاکٹرز، صحافی، طلبا، خواتین، نوجوان اور انسانی حقوق کے کارکن بھی شامل ہیں۔ انہوں نے ان کارروائیوں کو ’’کھلی ریاستی دہشت گردی‘‘ اور ’’کشمیری قوم کو اجتماعی سزا دینے‘‘ کے مترادف قرار دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ان جھوٹے الزامات، جبری حراستوں اور گھروں کی مسماری جیسے اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو خاموش کرنا اور ان کی حقِ خودارادیت کی تحریک کو کمزور کرنا چاہتا ہے، مگر جبر کے ذریعے کشمیریوں کے جذبۂ آزادی کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلگام میں حملہ کرنیوالے پاکستانی نہیں بھارتی تھے،انڈین سابق وزیرداخلہ نے بھانڈہ پھوڑ دیا

چیئرمین پاسبانِ حریت نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوامِ متحدہ، او آئی سی، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے ان مجرمانہ اقدامات پر فوری کارروائی کریں، قابض فورسز کے ہاتھوں ہونے والی انسانیت سوز زیادتیوں کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی کمیشن تشکیل دیں، اور کشمیریوں کو تحفظ فراہم کریں۔

عزیر احمد غزالی نے دنیا سے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ جنوبی ایشیاء میں امن، ترقی اور انصاف کے دروازے کھل سکیں۔

Scroll to Top